0
Wednesday 24 Jun 2020 13:04

بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، شاہ محمود قریشی

بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا ست گفتگو میں کہا ہے کہ چین کا خطے میں امن کے لیے بھارت کے خلاف اقدام درست تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے اور بھارت نے پاکستانی سفارتی عملے پر جاسوسی کے الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 50 فیصد سفارتی عملے کو کم کرنے کا کہا ہے، تاہم نئی دہلی کے عمل پر اسلام آباد اپنا ردعمل ظاہر کرے گا۔ اس وقت بھارت کو خود اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کا خطے میں امن کے لیے بھارت کے خلاف اقدام درست تھا، بھارت نے متنازع علاقے میں تعمیرات کیں، جو غیر قانونی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکی نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مؤقف مسترد کر دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر روز شہادتیں ہو رہی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر فواد چودھری کے معاملے پر بات نہیں کروں گا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے انہیں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے میں 50 فیصد کمی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے گذشتہ روز کہا کہ پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات مسترد کرتا ہے، بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد نصف کرنے کا بہانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائی کمیشن کے عملے پر ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کا سفارتی عملہ سفارتی آداب کے اندر رہ کر کام کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے سے ناروا سلوک کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 870574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش