0
Tuesday 30 Jun 2020 11:45

موجودہ حکومت میں اتنی طاقت ہی نہیں کہ دہشتگرد کو دہشتگرد کہہ سکے، اسفند یار ولی

موجودہ حکومت میں اتنی طاقت ہی نہیں کہ دہشتگرد کو دہشتگرد کہہ سکے، اسفند یار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ جس ملک کا وزیراعظم جب اسمبلی پر ایک عالمی دہشت گرد کو شہید قرار دے، وہ حکومت دہشت گردی ختم نہیں کرسکتی، ایسے بیانات دراصل ان شہداء اور غازیوں کے خون کی توہین ہے جنہوں نے قوم و ملک کی خاطر قربانیاں دیں، موجودہ حکومت میں اتنی طاقت ہی نہیں کہ دہشت گرد کو دہشت گرد کہہ سکے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری قوم دہشت گرد حملے میں شہید پولیس اہلکار اور دیگر اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روز اول سے اس ناسور دہشت گردوں کے سامنے کھڑے رہے ہیں اور آج بھی اسی موقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد نہ کرنے سے دہشت گرد مزید متحرک ہورہے ہیں، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کاغذ کے ایک ٹکڑے تک محدود کر دیا ہے۔ سربراہ اے این پی نے کہا کہ واقعے میں شہید پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کیلئے شہداء پیکج کا اعلان کیا جائے۔ اسفند یار ولی خان نے مزید کہا کہ جو لوگ دہشت گردوں کو اپنا ہیرو سمجھتے ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف نہ جنگ لڑ سکتے ہیں اور نہ جیت سکتے ہیں، دہشت گرد خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں دوبارہ متحرک اور منظم ہو رہے ہیں اور حکومتی ایوانوں میں اقتدار پر رہنے اور کرسی بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں، حکومت میں ملک کی سالمیت اور بقاء کے بارے میں کوئی سوچ و فکر موجود ہی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 871659
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش