1
Saturday 4 Jul 2020 21:45

یمن کیخلاف ہونیوالی جارحیت میں "برطانوی شراکتداری" کے جدید شواہد

یمن کیخلاف ہونیوالی جارحیت میں "برطانوی شراکتداری" کے جدید شواہد
اسلام ٹائمز۔ ایک عرب اخبار کی جانب سے یمن کے خلاف مسلط کردہ جارحیت میں برطانیہ کے براہ راست ملوث ہونے کے بارے کئے جانے والے انکشاف کے بعد اب ایک انگلش اخبار نے بھی انکشاف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ برطانوی ایئر فورس یمن پر ہونے والے ہوائی حملوں میں سعودی فوجی اتحاد کی مدد کرتی ہے۔ انگریزی اخبار ڈیلی میورک (Daily Maverick) نے اپنی رپورٹ میں برطانوی وزارت دفاع کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یمنی عوام پر ہونے والے خوفناک ہوائی حملوں میں برطانوی فضائیہ کی جانب سے سعودی فوجی اتحاد کو براہ راست مدد پہنچائی جاتی ہے۔ جنوبی افریقہ کی اس اخبار نے لکھا کہ برطانوی فضائیہ نے سال 2019ء سے سعودی پائلٹس کو پیشرفتہ ترین جنگی طیارے اڑانے اور یمن پر حملوں کی ٹریننگ دینا شروع کر رکھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یمن کے خلاف برطانیہ کی براہ راست مدد صرف جارح سعودی عرب کو ہی حاصل نہیں بلکہ جارح سعودی فوجی اتحاد میں شامل دوسرے ممالک کی مسلح افواج بھی یمنی جنگ کے حوالے سے 12 سے زائد برطانوی فوجی اڈوں کے اندر ٹریننگ حاصل کرچکی ہیں۔ ڈیلی میورک کے مطابق برطانوی فضائیہ کے 6 مراکز کے اندر تاحال 600 سے زائد سعودی فوجی اہلکار ٹریننگ حاصل کرچکے ہیں جبکہ سعودی پائلٹس کو ٹریننگ دینے کا برطانوی پروگرام تاحال جاری ہے۔ اس اخبار کا لکھنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے مزید 4 سال تک سعودی پائلٹس کو ٹریننگ دی جاتی رہے گی۔

دوسری طرف لبنانی روزنامہ "الاخبار" نے بھی جاری ہفتے کے دوران یمنی جنگ کے بارے اپنی تفصیلی رپورٹ میں مغربی فوجی ماہرین سے نقل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ برطانیہ نے یمن پر مسلط کردہ جنگ میں ہونے والے ہوائی حملوں کی مکمل ذمہ داری اپنے کاندھوں پر اٹھا رکھی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یمنی سرحد کے قریب تعینات ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کا کہنا تھا کہ اگر ہم یہاں موجود نہ ہوتے تو ایک ہفتے کے اندر ہی یمنی آسمان سے سعودی جنگی طیارے غائب ہوچکے ہوتے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں یمن میں انصاراللہ کی حکومت بھی اپنے خلاف ہونے والی جارحیت کو بارہا امریکی-برطانوی-سعودی جارحیت قرار دے چکی ہے اور کہہ چکی ہے کہ یمن پر ہونے والے حملوں میں غیر عرب فوج ملوث ہے۔ یمن حکومت نے ثبوت کے طور پر گذشتہ سال چند ایک تصاویر بھی نشر کی تھیں، جن میں جارح سعودی فوجی اتحاد کے آپریشن رومز کے اندر بیٹھے امریکی انٹیلیجنس و فوجی افسروں کو بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 872462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش