0
Wednesday 8 Jul 2020 20:57

پونچھ میں ایل او سی پر شدید گولہ باری، خاتون جاںبحق

پونچھ میں ایل او سی پر شدید گولہ باری، خاتون جاںبحق
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار (مقبوضہ کشمیر) ایک معمر خاتون ہلاک جبکہ دوسری ایک شدید زخمی ہوگئی۔ جموں میں تعینات دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں پاکستان کی طرف سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو قریب دو بجے بھارتی فوج کی چوکیوں اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنا کر بلا اشتعال گولہ باری شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا۔ بھارتی دفاعی ترجمان نے مزید بتایا کہ بھارتی فوج نے بھی پاکستانی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا اور گولہ باری کا سلسلہ رات کے قریب دو بجکر 45 منٹ پر رک گیا۔


حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سینئر سول و پولیس عہدیداروں نے رات کے وقت ہی متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کو ابتدائی ریلیف بھی فراہم کی گئی ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی پر شدید شبانہ گولہ باری کی وجہ سے بالاکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید متاثرہ علاقوں کے رہائشی رات کی تاریکی میں ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2003ء میں سیز فائر معاہدہ طے پانے اور سال رواں کے آغاز سے ہی کورونا وبا پھیلنے کے باوصف بھی طرفین کے درمیان بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر گولہ باری کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق امسال اب تک طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے زائد از دو ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں دونوں ممالک کو نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
خبر کا کوڈ : 873279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش