0
Wednesday 8 Jul 2020 21:45

پیپلزپارٹی کورونا وائرس کے خاتمہ پر جنوبی پنجاب کی جنگ لڑنے کیلئے تحریک چلائے گی، علی حیدر گیلانی

پیپلزپارٹی کورونا وائرس کے خاتمہ پر جنوبی پنجاب کی جنگ لڑنے کیلئے تحریک چلائے گی، علی حیدر گیلانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے ایم پی اے و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے حصول کیلئے اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سڑکوں پر نکلے گی، جبکہ اپوزیشن کی اے پی سی میں بھی جنوبی پنجاب صوبہ کو اہم موزوں کے طور پر اٹھایا جائے گا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب الگ صوبہ کیلئے تحریک چلائی ہے، اب ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر الگ صوبہ کیلئے تحریک چلائیں گے اور اس تحریک کا مرکز ملتان ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی نے پہلے بھی صوبے کیلئے قومی اسمبلی میں الگ صوبہ کا بل جمع کروایا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے غریب لاہور جانے کیلئے ایک بکری بیچتا تھا اور اپنے کاموں کیلیے لاہور جاتا تھا اب وہ غریب دو بکریاں بیچے گا پہلے بہاولپور پھر لاہور جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بلاول ہائوس ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی پی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ، پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، ملتان سٹی کے سینئر نائب صدر ساجد بلوچ، ضلعی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری یاسین، ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و انچارج میڈیا سیل سٹی خواجہ عمران، پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے نائب صدر ملک صفدر پہوڑ، پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن اعظم خان بوسن بھی موجود تھے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی سب سیکرٹریٹ کے قیام کی مذمت کرتی ہے اور یہ فیصلہ بھی وزیراعلیٰ نے نہیں کیا  اوپر سے آیا ہے، پیپلزپارٹی کورونا وائرس کے خاتمہ پر جنوبی پنجاب کی جنگ لڑنے کیلئے تحریک چلائے گی، سیکرٹریٹ کیلئے سب سے موزوں شہر ملتان تھا جس کو نظرانداز کیا گیا، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اے پی سی میں جنوبی پنجاب کے حوالے سے لائحہ عمل کی درخواست کریں گے، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب میں ایک صوبہ کے حق میں ہے جنوبی پنجاب کی عوام کا بنیادی مطالبہ علیحدہ صوبہ کا تھا، 2010ء میں سید یوسف رضا گیلانی نے آئینی بل سینٹ سے دو تہائی اکثریت سے پاس کروایا قومی اسمبلی میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے علیحدہ صوبہ نہ بن سکا، پی ٹی آئی نے 2018ء میں سو دن میں صوبے کے قیام کا وعدہ کیا تھا ایڈمنسٹریٹو یونٹ کی جغرافیائی حدود کا بھی تعین کیا گیا۔

علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ کی شکل میں تخت لاہور کی رعایا بننے سے انکار کرتی ہے، پیپلزپارٹی سیکرٹریٹ کے قیام کے اعلان کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی نے سولو فلائٹ کی کسی سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا، پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے نمائندے عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کے چار کروڑ عوام کا متفقہ مطالبہ الگ صوبہ ہے، جنوبی پنجاب کی عوام نے پی ٹی آئی کو صرف صوبہ کی وجہ سے ووٹ دیا ہے، آج پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے نمائندے بتائیں کہ وہ خود صوبے کے مطالبے سے کیوں پیچھے ہٹ رہے ہیں، تحریک انصاف کے پاس کوئی ایسی بات نہیں کہ صوبہ نہ بنایا جا سکے، پی ٹی آئی غیر مقبول فیصلے کر رہی ہے تو یہ مقبول ترین فیصلہ کیوں نہیں لے رہی۔
خبر کا کوڈ : 873288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش