0
Thursday 23 Jul 2020 15:17

کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

کراچی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے جٹ لین میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کر دیا، ملزمان فرار ہوتے ہوئے سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جٹ لین میں کنٹونمنٹ اسپتال کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے وردی میں ملبوس پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا اور موقع پر سے فرار ہوگئے۔ شہید پولیس اہلکار کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 52 سالہ غلام محمد ولد مقبول حسین کے نام سے کی گئی۔ شہید اہلکار لائنز ایریا کا رہائشی تھا اور آرٹلری میدان تھانے میں شعبہ تفتیش میں بطور اے ایس آئی تعینات تھا۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ اردگرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ موقع پر سے 30 بور کا 2 خول ملے ہیں، جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، حملہ آور شہید اہلکار کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ہیں، حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی۔ ڈی آئی جی کراچی جنوبی جاوید اکبر ریاض نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شہید اے ایس آئی لائنز ایریا کا رہائشی ہے اور شہید اے ایس آئی اپنے گھر کے قریب ایک پان کے کھوکے پر کھڑا تھا، اسی دوران ایک شوٹر شہید اے ایس آئی کے پاس آیا اور کہا مجھے پہنچانا اور شوٹر نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گیا۔ شہید اے ایس آئی کو دو گولیاں ایک چہرے اور ایک سینے پر لگی ہے جو موت کا سبب بنی۔ جاوید اکبر ریاض کا کہنا تھا کہ فوری طور پر واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کہنا قبل ازوقت ہوگا، عام طور پر ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں شوٹر ایک زائد ہوتے ہیں، لیکن اس واقعے میں شوٹر ایک ہی تھا، شہید اے ایس آئی کن کیسز کی تفتیش کر رہا تھا، یہ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

شہید اے ایس آئی کے بھتیجے عدیل نے بتایا کہ اسکے چچا صبح کام سے عدالت گئے تھے، جہاں سے فارغ ہوکر گھر کی طرف آرہے تھے، پان لینے کے دوران موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے حملہ کیا، واقعے کی اطلاع پان والے نے مجھے دی، اس وقت فرنیچر مارکیٹ کی دکانیں بھی کھلی ہوئی تھیں، شہید اے ایس آئی کے بھائی نے بتایا کہ وہ 18 بہن بھائی ہیں اور ان کے شہید بھائی نے دو شادیاں کی ہوئی تھی، مقتول 6 بچوں کا باپ تھا۔ واضح رہے کہ صرف جولائی کے مہینے میں فائرنگ کرکے 3 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا جا چکا ہے، 11 جولائی کو کورنگی نمبر 5 میں فائرنگ سے اصغر نامی پولیس اہلکار شہید کر دیا گیا، 4 جولائی کو بلوچ کالونی کے علاقے میں فائرنگ سے نعمان نامی پولیس اہلکار کو شہید کیا گیا اور جمعرات 23 جولائی کو جٹ لین میں اے ایس آئی غلام محمد کو شہید کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 876106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش