0
Wednesday 29 Jul 2020 21:44

عمران حکومت نے ریکارڈ قرضہ لیکر ملک کو مقروض اور عوام کو کنگال کر دیا، جماعت اسلامی

عمران حکومت نے ریکارڈ قرضہ لیکر ملک کو مقروض اور عوام کو کنگال کر دیا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عمران حکومت نے اپنے وعدوں کے برعکس ایک سال میں 13 ارب 20 کروڑ ڈالر کا ریکارڈ قرضہ لیکر ملک کو مقروض اور عوام کو کنگال کر دیا ہے، کراچی تا کشمور لاک ڈاؤن سے متاثرین میں راشن تقسیم سے لیکر طبی عملے میں حفاظتی سامان تقسیم کرنے تک الخدمت کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود نالوں کی صفائی سے لیکر تمام شہری صاف پانی، بجلی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے کہ کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام سے نجات حاصل کی جائے۔ صوبائی امیر نے کارکنان سے بھی اپیل کی کہ وہ چرم قربانی مہم میں بھرپور حصہ اور رابطہ عوام مہم کو تیز کر دیں۔

محمد حسین محنتی نے بارش سے قیمتی انسانی جانوں و املاک کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ نکاسی آب، گندگی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور کرپشن فری اقدامات کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے، تاکہ عوام کوئی سکھ کا سانس لے سکیں۔ محمد حسین محنتی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر چرم قربانی الخدمت کو دینے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت سے وابستہ سابق میئر و ناظم عبدالستار افغانی و نعمت اللہ خان نے کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے دیانت و امانت کے ساتھ کام کیا، جس کے مخالف بھی معترف ہیں، اگر آج کراچی سمیت سندھ میں دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت ہوتی، تو عوام کو معمولی بارش میں اس طرح اذیت ناک صورتحال سے دوچار نہ ہونا پڑتا۔
خبر کا کوڈ : 877401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش