0
Saturday 22 Aug 2020 16:40

محرم ہمیں اعلیٰ انسانی اقدار کی بقاء کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے، علامہ یوسف فیاضی

محرم ہمیں اعلیٰ انسانی اقدار کی بقاء کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے، علامہ یوسف فیاضی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کے نائب صدر حجۃ الاسلام یوسف علی فیاضی نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں ہمارے بزرگانِ دین کی جانب سے اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، محرم الحرام ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں، صبر و برداشت، استقامت و ہمت، حق گوئی اور اعلیٰ انسانی اقدار کی بقاء کیلئے ہر قوت کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی پیغام دیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھ کر اسلام کے روشن چہرے کو انسانیت کی رہنمائی کیلئے بیان کیا جائے، وحدت و اخوت کو فروغ دیا جائے اور نفرت و انتشار کا خاتمہ کرکے بدی کی قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے، تاکہ شرپسند عناصر امت مسلمہ کی داخلی وحدت کو کمزور نہ کرسکیں۔ نائب صدر جامعہ روحانیت بلتستان پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے۔ محرم الحرام ہمیں اخوت، رواداری اور باہمی بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اغیار کی سازشیں ناکام رہیں گی،  مبلغین عوام کو یہ پیغام دیں کہ ہم امن کا قافلہ ہیں، امن کے حوالے سے عوام کیلئے  پیغام ہے کہ ہر مسلک کے مسلمات اور مقدسات کا احترام کیا جائے اور ہر قسم کی طعن و تشنیع سے گریز برتا جائے۔

انکا مزید کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر فتنہ و فساد پھیلانے والے مواد پر فوری طور پر پابندی لگا کر کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ جو عناصر فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتے ہیں، ان کے مذموم عزائم کا سدباب ہوسکے، فرقہ واریت سے نجات کیلئے عوام الناس میں یہ شعور عام کیا جائے کہ وہ اپنی مجالس اور مذہبی پروگراموں میں بین المسالک اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ علامہ یوسف فیاضی کا کہنا تھا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ان کے شہری، آئینی اور مذہبی حقوق کی آزادی فراہم کریں، مراسم عزاء کے انعقاد اور اہتمام میں عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزاء کے تحفظ اور شرپسندی کے خاتمے اور امن و امان کے راستے میں پیش آنے والی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ جلوس ہائے عزاء کے روٹ کو محدود یا تبدیل کرنے، مجالس عزاء کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالنے اور مجالس ختم یا تبدیل کرنے کے احکامات جاری کرنے سے اجتناب کریں اور کسی قسم کا خوف و ہراس اور پریشانی پھیلانے کی بجائے عوام کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔
خبر کا کوڈ : 881902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش