0
Saturday 29 Aug 2020 20:17

دو دوست ممالک اپنے تنازعات کی لڑائی پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتے ہیں، حافظ حسین احمد

دو دوست ممالک اپنے تنازعات کی لڑائی پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتے ہیں، حافظ حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے دو دوست ممالک اپنے تنازعات اور اختلافات کی لڑائی پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے دونوں ممالک نے چند ناعاقبت اندیش عناصر کو اس کام کیلئے خرید رکھا ہے۔ وہ ہفتہ کو عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے جامعہ مطلع العلوم میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر جے یو آئی پنجاب کے رہنماء اور رائیٹر حافظ ابوبکر، صوبہ سندھ کے رہنماء مولانا عارف الحسینی، کشمور کے امیر اور سیکریٹری جنرل، کوئٹہ کے رہنماء مولانا محمد طاہر توحیدی، حافظ منیر احمد ایڈووکیٹ، حافظ زبیر احمد، ظفر حسین بلوچ، حافظ رشید احمد، شبیر احمد، حافظ عبدالرزاق و دیگر موجود تھے۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھاکہ خاتم النبییں ﷺ کے اہل بیت (ع)، خلفاء راشدین، اصحاب کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مناقب اور مناصب کا احترام تکمیل ایمان کا لازمی جزء ہے، اس ضمن میں یہ احتیاط اور خیال رکھا جائے کہ دونوں میں سے کسی ایک کی تعریف و توصیف سے دوسرے کی توہین و تنقید کا کوئی شائبہ بھی آشکارا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہورہا ہے اس کی ڈوریاں کہیں اور سے ہلائی جارہی ہیں، چند ممالک کے سفارت خانے ماضی کی طرح اب بھی دونوں طرف کے ان عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں جو فرقہ واریت کی آگ پر اپنی اشتعال انگیز تقاریر سے مسلسل تیل ڈال رہے ہیں۔ جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں دونوں اطراف کے درد مند زعماء نے ایک میز پر بیٹھ کر اس طوفان کے سامنے بند باندھا تھا، آج بھی ضرورت ہے کہ قومی اور خصوصاً بین الاقوامی طور پر رونما ہونیوالی مدو جزر سیاسی اور جغرافیائی تبدیلیوں کے تناظر میں ہمیں اندرونی طور پر متحد و متفق ہوکر نہ صرف واضح موقف اپنانا ہوگا بلکہ عالم اسلام کی قیادت اور رہنمائی کے اس خلاء کو بھی پرُ کرنا ہے جو مسلم ممالک کی مغرب کی غلامی کی وجہ سے متاثر ہوچکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 883155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش