0
Thursday 3 Sep 2020 17:25

کراچی، نالوں پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن کا دوسرا روز

کراچی، نالوں پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن کا دوسرا روز
اسلام ٹائمز۔ گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے، گزشتہ روز نالے کے کناروں پر قائم ہلکی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نالوں کے اطراف قائم ہونے والی تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری ہے، پہلے روز ہونے والی کارروائی میں نالوں کے اطراف قائم شیڈز اور چھوٹی دیواریں گرا دی گئیں۔ گجر نالے کے اطراف کمرشل تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوسرے دن کے ایم سی کا عملہ کام میں مصروف ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری بھی محکمہ انسداد تجاوزات کے ساتھ موجود ہے۔

آپریشن کے پہلے دن دکانداروں کو ضروری سامان منتقل کرنے کیلئے متنبہ کیا گیا تھا تاکہ متاثرین کا زیادہ نقصان نہ ہو، آج ہونے والے آپریشن کے دوران کمرشل تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آپریشن کے پہلے دن نالوں سے سافٹ انکروچمنٹ کا خاتمہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گجرنالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آج بھرپور کارروائی ہوگی، پہلے مرحلے میں تجارتی عمارتیں، دکانوں اور شیڈز کو مسمار کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کیفے پیالہ، لیاقت آباد اور نالہ اسٹاپ نیو کراچی تک کارروائی کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں غیرقانونی رہائشی عمارتوں کو مسمار کیا جائے گا، اس کے علاوہ رہائشیوں کو متبادل جگہ دینے کے بعد دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ گزشتہ روز گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مکانات خالی کرانے کے اعلانات پر ناظم آباد نمبر چار کی سڑک کو شہریوں نے احتجاجاً بند کر دیا اور مکانات مسمار کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 884061
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش