0
Monday 7 Sep 2020 22:26

مغرب کے پراپیگنڈہ نے اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کیا، سراج الحق

مغرب کے پراپیگنڈہ نے اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کیا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عدالتوں، اسمبلیوں اور اداروں کے باوجود کوئی دن ایسا نہیں گزرتا, جب خواتین درندگی کا شکار نہ ہوں، گذشتہ چند سالوں میں خواتین اور معصوم بچیوں کے ساتھ درندگی کے ہزاروں واقعات ہوئے، ایسا لگتا ہے کہ ملک میں کوئی قانون موجود نہیں، لوگوں کی عزت، جان اور مال محفوظ نہیں، بچوں اور بچیوں کے ساتھ درندگی کے واقعات میں اضافہ حکومت کیلئے چیلنج ہے، بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کی سخت سزائیں ملنی چاہئیں، مغرب کے پراپیگنڈہ نے اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کیا، اسلام نے تو ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کی حیثیت سے وہ بلند رتبہ اور احترام دیا ہے، جو کسی دوسرے مذہب نے نہیں دیا۔ مغرب کے آزادی اظہار کے نعرے نے عورت کو تنہا کر دیا۔ اسلام نے عورت کو مرد کے مقابلے میں زیادہ عزت دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں حجاب سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود خواتین کی عظمت کے قائل تھے، خواتین معاشرے کے ہر شعبے میں ترقی کر رہی ہیں۔ اگر خواتین کو مناسب مواقع اور ماحول دیا جائے تو وہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔ جماعت اسلامی کا منشور ہے کہ بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی برابر تعلیمی سہولیات ملیں، الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے کے قانون میں ترمیم کرے، ایسے لوگوں کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے جو اپنی موروثی جائیداد میں سے بہن کا حصہ نہیں دیتے، خواتین کو میراث سے محروم کرنا بہت بڑا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ قانون سازی ہونی چاہیئے کہ جو والدین بچیوں کو سکول نہ بھیجیں، ان کو جیل بھیجا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آج اس ملک میں ظلم کا نظام ہے، غریب بھوک سے مر رہا ہے، اس کیلئے انصاف کے دروازے بند ہیں۔ ملک پر ایسے لوگوں کی حکمرانی ہے، جو پیسے کے بل بوتے پر برسراقتدار میں آئے۔ ہر طرف مافیاز کا راج ہے۔ ملک میں مہنگائی، کرپشن، اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لٹیروں سے نجات کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ آج کشمیر کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔
خبر کا کوڈ : 884870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش