2
Saturday 12 Sep 2020 23:55
امارات و بحرین کیجانب سے اسرائیل کیساتھ دوستی معاہدے

عرب شاہی حکومتوں کو امتِ مسلمہ کیساتھ اپنی خیانت کی قیمت ضرور چکانا پڑیگی، ضیف اللہ الشامی

عرب شاہی حکومتوں کو امتِ مسلمہ کیساتھ اپنی خیانت کی قیمت ضرور چکانا پڑیگی، ضیف اللہ الشامی
اسلام ٹائمز۔ انصاراللہ کی یمنی حکومت کے ترجمان ضیف اللہ الشامی نے سرکاری خبررساں ایجنسی سبأ کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں بحرین کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ استوار کئے جانے والے دوستانہ تعلقات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو فلسطینی امنگوں کے ساتھ عظیم خیانت قرار دیا ہے۔ ضیف اللہ الشامی نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ بحرینی شاہی رژیم کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانے اور اس میدان میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ جا ملنے کی جلدی، نہ صرف فلسطینی امنگوں کے ساتھ ایک عظیم خیانت ہے بلکہ امریکی گھناؤنے منصوبے "صدی کی ڈیل" کے زمرے میں مسئلۂ فلسطین کو سرے سے ختم کر دینے کی سازش بھی ہے۔

یمنی حکومت کے ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی عجیب بات نہیں کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ (ان ممالک کے) دوستی معاہدوں کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ بات امریکہ پر ان کٹھ پتلی حکومتوں کے مکمل انحصار کی ایک علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلۂ فلسطین تاحال یمن سمیت عرب و مسلم امت کا اصلی ترین مسئلہ ہے اور اصلی ترین مسئلہ باقی رہے گا جبکہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا شور مچانے والی حکومتیں، امتِ مسلمہ کی نمائندہ نہیں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والی کٹھ پتلی عرب حکومتیں امتِ مسلمہ سے اپنی خیانت کی قیمت ضرور چکائیں گی۔

ضیف اللہ الشامی نے اپنے انٹرویو کے آخر میں، قدس کے دارالحکومت پر مبنی فلسطینی حکومت کے قیام تک جاری رہنے والی فلسطینی جدوجہد میں یمنی قوم کے فلسطینی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر زور دیتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر مبنی سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ انہوں نے عرب و اسلامی اقوام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ استوار کئے جانے والے ہر قسم کے تعلق کی پرزور مذمت کریں۔
خبر کا کوڈ : 885916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش