0
Friday 18 Sep 2020 23:07

آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہوگی، شاہد خاقان عباسی

آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہوگی، شاہد خاقان عباسی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ اورسب کچھ  دیکھیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام مشکل میں ہیں اور پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن کچھ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے پاس جائیں گے اورامید ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اے پی سی میں اپوزیشن کا متفقہ لائحہ عمل بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کی بہتری کے لیے کچھ ہو گا۔ پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ہر چیز پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ باہر نکلیں گے اور عوام کی مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ فیٹف کے دو بلز کو ہم نے ترمیم کے بغیر پاس کیا اور دو کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف کے سات بل ہماری ترمیم سے پاس ہوئے ہیں، جلدی میں جو قانون بنتے ہیں وہ ہمیشہ تباہی کا باعث ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 80-اے 7، پورے ملک کے لیے ناسور بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو لوگ لڑیں تو بھی یہ لگ جاتا ہے اور پورا ملک اس کو بھگت رہا ہے۔ اپوزیشن کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وہی کرسکتی ہے جو گزشتہ روز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے اجلاس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اب عام آدمی نیب کے دائرہ اختیار میں ہے جب کہ یہ چیز نیب کے دائرہ کار میں بھی نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے استفسار کیا کہ اگر مولانا کا جلوس زیرو پوائنٹ سے دائیں مڑ جاتا تو کیا کوئی روک سکتا تھا؟۔ پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو سال میں اپوزیشن پر کوئی کیسز نہیں بنا سکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت چینی اور آٹے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے اور آج پورا پاکستان اس بات پرمتحدہ ہے کہ یہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب عوام اپنی رائے کا اظہار کردے تو اسے روکنا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراوَ اور سب کچھ دیکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 887041
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش