0
Tuesday 22 Sep 2020 12:06

عسکری قیادت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو آئینی حیثیت دی جائے، سراج الحق

وزیراعظم قومی اہمیت کے حامل معاملات پر بھی اپوزیشن کیساتھ مل بیٹھ کر بات نہیں کرتے، اپوزیشن جماعتیں
عسکری قیادت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو آئینی حیثیت دی جائے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی رہنماؤں کی عسکری قیادت سے ملاقات کے حوالے سے امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے بتایا کہ اپوزیشن رہنماؤں میں سے ایک نے آرمی چیف کو بتایا کہ اس قومی اہمیت کے حامل معاملے پر ایسی ملاقات وزیراعظم عمران خان کو بلانا چاہیئے تھی۔ اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ وزیراعظم قومی اہمیت کے حامل معاملات پر بھی اپوزیشن کے ساتھ مل بیٹھ کر بات نہیں کرتے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ جن رہنماؤں نے ملاقات میں شرکت کی ان میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، خواجہ آصف، شیری رحمٰن، احسن اقبال، مولانا اسد محمود، خالد مقبول، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فاروق حیدر، ڈاکٹر جمال دینی، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور دیگر شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر وہ اجلاس میں اپنی مصروفیات کی وجہ سے شرکت کیلئے تیار نہ تھے لیکن بعد میں جب بتایا کہ ملاقات میں گلگت بلتستان اور کشمیر کے معاملے پر بات ہوگی تو وہ آمادہ ہوگئے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت سے قبل انہوں نے کشمیری قیادت سے بات کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکری قیادت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو آئینی حیثیت دی جائے جس کا وہ کئی برسوں سے مطالبہ کر رہے ہیں، اجلاس میں یہ تجویز سامنے آئی کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کیا جائے۔ سراج الحق نے انکشاف کیا کہ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر جماعت اسلامی کا موقف جانتی ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کا اصرار ہے کہ یہ معاملہ فی الحال چھوڑ دیا جائے اور گلگت بلتستان کو آئندہ الیکشن کے بعد زیر بحث لایا جائے تاکہ اس معاملے کو کوئی بھی سیاسی جماعت انتخابی مہم کا حصہ نہ بنا سکے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا اجلاس میں سیاست پر بات ہوئی تو جماعت اسلامی کے سربراہ نے بتایا کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ سیاست دانوں کی ملاقات ہو اور وہ سیاست پر بات نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 887707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش