0
Friday 9 Oct 2020 22:27

کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے صدر گھر جاتے ہوئے ساتھی سمیت اغواء

کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے صدر گھر جاتے ہوئے ساتھی سمیت اغواء
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے صدر نبیل جھکورا کو نامعلوم افراد نے رات گئے دفتر سے گھر جاتے ہوئے ساتھی سمیت اغواء کر لیا۔ پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر نبیل جھکورا اور ساتھی شبیہہ الحسن کو بیت المکرم مسجد کے قریب سے اغواء کیا گیا، مغوی کی گاڑی صبح سویرے سپر ہائی وے سے متصل سروس روڈ پر کھڑی پائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ صبح ملنے والی مغوی کی گاڑی لاک اور باقاعدہ طور پر پارک کی گئی تھی جبکہ مغوی کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ تھانہ عزیر بھٹی میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مقدمے کے اندراج کے بعد سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے اور مغویوں کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔ دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نجی ٹی وی کے صدر کے اغواء کا نوٹس لے لیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے نجی ٹی وی کے صدر کے اغوا ء کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 891146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش