0
Sunday 18 Oct 2020 23:13

مہنگائی اور بے روزگاری عوام کو ہر نظام اور اقدام کا باغی بنا رہی ہے، لیاقت بلوچ 

مہنگائی اور بے روزگاری عوام کو ہر نظام اور اقدام کا باغی بنا رہی ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو عوامی دباو پر ناصرف اسمبلی بلکہ اقتدار سے بھی جانا ہوگا۔ اقتصادی تباہی اور عالمی مالیاتی اداروں کی قومی معیشت پر بالادستی عمران خان کی نااہلی کی بدترین مثال ہے، معاشی ترقی کی شرح نمو صفر اعشاریہ چار فیصد اور مہنگائی 11فیصد تک جا پہنچی ہے، سود کی لعنت اور بیرونی قرضوں میں اضافہ کی وجہ سے قومی اقتصادی نظام جام ہوگیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری عوام کو ہر نظام اور اقدام کا باغی بنا رہی ہے۔سیاسی محاذ پر گرمی کی شدت بڑھتی جارہی ہے، پی ٹی آئی میں حوصلہ اور برداشت نہیں، جمہوری نظام اور آئین کے لئے خطرات بڑھ گئے ہیں، اگر عمران خان حکومت نے مہنگائی، بیروزگاری، بجلی اور گیس کے بلوں، ٹیکسوں میں کمی نہ کی تو پھر ان کے پاس صرف ایک آپشن ہوگا کہ استعفی دیکر گھر جائیں اور عوام سے نئے مینڈیٹ کیلئے رجوع کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے نظام حکومت کی اصلاح نہ کی تو پچھتانے کا بھی وقت نہیں ملے گا۔

لیاقت بلوچ نے گلگت بلتستان کو آئینی و قانونی حیثیت دینے کے حوالہ سے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کی ہر اکائی مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، گلگت بلتستان پاکستان کی سلامتی کیلئے اہم ترین مقام ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کا حل اور ان کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے۔ عبوری اور عارضی نظام کے تحت عوام کو ہر سہولت اور انسانی حقوق دیئے جائیں۔ سب کی ترجیح یہ ہو کہ مسئلہ کشمیر کو نقصان نہ پہنچے اور فاشسٹ مودی کے غیرآئینی ظالمانہ اقدامات کو سند جواز نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی عالمی اسٹیبلشمنٹ کے دباو پر عمران خان سرکار کے کسی اقدام کو قبول نہیں کریں گے۔ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے کے عمل کی مخالفت کرتی ہے۔ مسئلہ کشمیر کا قومی ترجیحات میں اہم مقام بحال رکھنے کیلئے تمام قومی قیادت سے رابطہ کیا جائے گا اور کشمیر پر رائے عامہ کو بیدار کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 892763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش