0
Friday 23 Oct 2020 10:12

اسلام آباد، کامیاب آپریشن کے ذریعے 9 بہنوں میں سے 2 کی جنس تبدیل، 2 بھائی بن گئے

اسلام آباد، کامیاب آپریشن کے ذریعے 9 بہنوں میں سے 2 کی جنس تبدیل، 2 بھائی بن گئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں جب ممتاز ڈاکٹر امجد چودھری نے ایک آپریشن کرکے ملک کی میڈیکل تاریخ میں نیا باب رقم کیا تو اسی وقت انہوں ںے دو سگی بہنوں کو سگا بھائی بھی بنا دیا۔ ڈاکٹر امجد چودھری نے اس طرح ایک خاندان سمیت پورے گاؤں کو خوشی سے نہال کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات کی تحصیل کھاریاں کے رہائشی محمد عابد 9 بیٹیوں کے والد ہیں، لیکن پمز اسپتال میں کیے جانے والے کامیاب آپریشن کے بعد اب وہ سات بیٹیوں اور دو بیٹوں کے والد بن گئے ہیں۔ محمد عابد کی 17 سالہ بیٹی بشریٰ تبدیلی جنس کے کامیاب آپریشن کے بعد ولید عابد بن گیا ہے، جبکہ 15 سالہ وافیہ کا نام مراد عابد رکھا گیا ہے۔

دو بیٹیوں کے کامیاب آپریشن پر محمد عابد نہایت مسرور ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ میری 9 بیٹیاں تھیں لیکن اولاد نرینہ سے محروم تھا مگر اب اللہ تعالیٰ نے میری سن لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف وہ، ان کا خاندان بلکہ پورا گاؤں بے حد خوش ہے۔ پمز اسپتال کے ممتاز ڈاکٹر امجد چودھری کے مطابق اپنی نوعیت کا یہ کیس اس لحاظ سے منفرد ہے کہ جن کا آپریشن کیا گیا ہے، وہ دونوں سگی بہنیں ہیں اور دونوں میں وہ جینز تھے جن کی وجہ سے آپریشن ممکن ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سگی بہنوں میں بیک وقت تبدیلی جنس کے جینز کا پایا جانا عام بات نہیں ہے۔

کھاریاں کے رہائشی محمد عابد کو ڈاکٹر امجد چوھری سے رابطہ کرنے کا مشورہ گجرات کی ایک لیڈی ڈاکٹر نے دیا تھا۔ اس حوالے سے کیے جانے والے مختلف ٹیسٹوں میں تین سے چار ماہ کا عرصہ لگا ہے۔ تبدیلی جنس کے کامیاب آپریشن پر ولید عابد بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اب دیگر لڑکوں کی طرح گھر سے باہر جا کر کرکٹ کھیل سکیں گے جبکہ مراد عابد کا کہنا ہے کہ میرے آپریشن کا سن کر میری اسکول کی سہیلیاں مجھ سے دور رہنے لگی ہیں۔ پمز اسپتال کے ڈاکٹر امجد چودھری کے مطابق آپریشن میں پانچ سے چھ گھنٹے لگتے ہیں، لیکن تمام مراحل مکمل ہونے میں دو ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر امجد چودھری نے اس سلسلے میں واضح کیا کہ تبدیلی جنس کا آپریشن والدین کے فیصلے سے نہیں بلکہ مریض کے فیصلے سے کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 893563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش