0
Thursday 5 Nov 2020 19:18

پنجاب حکومت کا ہفتہ شانِ رحمتﷺ بدھ سے شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا ہفتہ شانِ رحمتﷺ بدھ سے شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات کا آغاز آئندہ بدھ سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو بھر پور مذہبی جوش و خروش سے منانے کیلئے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا آج پہلا اجلاس منعقد ہوا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیر اوقاف صاحبزادہ سعید الحسن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ طاہر خورشید، سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور، سیکرٹری اوقاف زاہد سلیم گوندل و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں ہفتہ شانِ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے حسن قرات، نعتیہ، مضمون نویسی اور تقریری مقابلے، اسلامی خطاطی نمائش، محفل سماع اور نعتیہ مشاعرے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عالمی سیرت کانفرنس، خواتین کی محفل میلاد اور علماء و مشائخ کنونشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ پی ایچ ڈی سکالرز کیلئے رحمت اللعالمین چیئر اور طلبہ کیلئے رحمت اللعالمین سکالرشپ کے اجراء کا بھی فیصلہ ہوا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ ہفتہء شان رحمت اللعالمین کے ذریعے دنیا کو بتا دیں گے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کتنی شدید محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ کی تقریبات پنجاب کے ہر ڈویژن اور ضلع میں بھی منعقد ہوں گی۔ کمیٹی نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ نبی رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیساتھ عقیدت اور محبت سے لبریز پیغام سوشل میڈیا کے ذریعے انگریزی، فرنچ اور دیگر زبانوں میں نشر کیا جائے۔ وزیر قانون نے کہا کہ ہفتہ کی تقریبات بھر پور انداز میں منانے کیلئے کمیٹی کا اجلاس ہر روز منعقد ہو گا۔ وزیر اوقاف نے کہا کہ فرانس کے توہین آمیز خاکوں کا جواب اس سے بہتر انداز میں نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت کانفرنس میں دنیا بھر سے مندوبین شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف ہفتہ شان رحمت اللعالمین کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 896110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش