1
Sunday 15 Nov 2020 21:48

عراق، صوبہ دیالی میں داعش کا سب سے بڑا نیٹورک تباہ

عراق، صوبہ دیالی میں داعش کا سب سے بڑا نیٹورک تباہ
اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکای افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی نے صوبہ دیالی کے اندر داعش کے سب سے بڑے نیٹ ورک کی تباہی کی خبر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عراق کے مشرقی صوبے دیالی میں حشد الشعبی کے کمانڈر طالب الموسوی نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حشد الشعبی نے اپنے پیشگی آپریشن کے دوران اس صوبے کے اندر باقیماندہ داعشی عناصر کے سب سے بڑے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے۔

عرب خبررساں ایجنسی الاعلام الحربی کے مطابق طالب الموسوی نے کہا ہے کہ حشد الشعبی کی بریگیڈ نمبر 23 اور انٹیلیجنس یونٹس نے خانقین نامی علاقے کے اندر اپنے ایک مشترکہ آپریشن میں داعش کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے ان کے کئی ایک خفیہ ٹھکانے تباہ کر دیئے ہیں جن میں سے بڑی مقدار میں بھاری اسلحہ اور فوجی سازوسامان بھی برآمد ہوا ہے۔ حشد الشعبی کے مطابق داعش کے باقی ماندہ دہشتگردوں نے دیالی کے عوام کے خلاف وسیع دہشتگردانہ منصوبے تیار کر رکھے تھے جبکہ عوامی مزاحمتی فورس کی جانب سے ہونے والے پیشگی آپریشن میں یہ تمام منصوبے ناکام بنا دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل داعشی دہشتگردوں نے صوبہ دیالی کے گاؤں الخیلانیہ پر حملہ کر کے قبیلہ "بنی کعب" کے سربراہ "علی فضالہ الکعبی" کو گرفتار کر لیا تھا جنہیں اذیت و آزار پہنچانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں داعشی دہشتگردوں نے شیخ علی فضالہ الکعبی کی لاش کے ساتھ بم بھی نصب کر دیا تھا جو ان کے لواحقین کے پہنچنے پر زوردار دھماکے سے پھٹ اٹھا تھا جبکہ ہونے والے دھماکے کے باعث 5 دوسرے افراد جانبحق اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔ دوسری طرف اس واقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے عراقی پارلیمانی اتحاد "بدر" کے سربراہ حسن شاکر عودہ نے خبردار کیا تھا کہ داعش اب صوبہ دیالی میں شہریوں کے اغواء اور قتل و غارت کے ذریعے قبائلی جنگیں چھیڑنا اور مذہبی منافرت پھیلانا چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 898031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش