0
Sunday 29 Nov 2020 12:45

10 مطلوب افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

10 مطلوب افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ نے مختلف الزامات میں مطلوب دس افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی جبکہ مختلف عدالتوں اور اداروں کی سفارش پر 13 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کر دیئے گئے۔ ذرائع کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وفاقی کابینہ نے پیپلزپارٹی کے رہنماء اعجاز جاکھرانی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی منظوری دی، جبکہ ایم کیو ایم رہنماء رؤف صدیقی کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اعجاز جاکھرانی اور رؤف صدیقی کے نام عدالتی احکامات پر ای سی ایل سے نکالے گئے ہیں۔ اے این ایف کی سفارش پر ڈرگ مافیا کے رکن الماس خان اور پاک فوج سے سزا یافتہ مظہر اقبال، محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر حمال حسین کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔

حمال حسین پر کمانڈر بلوچستان ریپبلکن آرمی برہمداغ بگٹی سے پیسے لے کر دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام ہے۔ نیب کی سفارش پر ملزم سمیع اللہ، منصور اختر اور جنید قادر کے نام ای سی میں شامل کیے گئے ہیں۔ تینوں ملزمان سادہ لوح عوام کے ساتھ فراڈ کے جرم میں نیب کو مطلوب ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر بھی تین افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ مختلف اداروں کی تحقیقات مکمل ہونے پر 13 افراد کے نام ای سی ایل سے خارج کیے گئے ہیں۔ ان میں محمد نعمان، عبداللہ، عیسیٰ چیمہ، خنسہ بنت شجاع اور خولہ بنت شجاع، محمد یحییٰ، شاہد جبار محبوب الرحمان، جواد بشیر، غلام علی حسن، بشیر احمد اور ناصر جاوید شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 900636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش