0
Sunday 7 Aug 2011 18:24

امریکہ کے ہاتھ بے گناہ لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی

امریکہ کے ہاتھ بے گناہ لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، علامہ عبدالخالق اسدی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کے خاتمے کا درس دینے والے امریکہ کے ہاتھ بے گناہ لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہیروشیما، افغانستان اور عراق سمیت اپنے ظالمانہ اور انسانیت سوز مظالم کی وجہ سے آج امریکہ پوری دنیا میں نفرت کا نشان بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں جب روس کی طرح امریکہ بھی ٹکڑے ٹکڑے ہو کر اپنے انجام کو پہنچے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال ٹاؤن میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دہشت گرد امریکہ نے چھ اگست کے دن ہی جاپان کے شہروں ہیرو شیما اور ناگا ساکی میں مہلک بمباری کر کے لاکھوں لوگوں کو لقمہ اجل کا شکار اور شہروں کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا، جس کی تابکاری کے خطرناک اثرات آج بھی محسوس کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کے دعویدار امریکہ کے لینے اور دینے کے پیمانے الگ ہیں۔ افغانستان اور عراق کو جھوٹ کی بنیاد پر مٹی کا ڈھیر بنا دیا گیا جبکہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور کشمیر میں بھارتی درندگی پر امریکہ کے خاموش تماشائی والے کردار نے دنیا کے سامنے اس کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کی آڑ میں دراصل مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔ افغانستان میں ذلت آمیز شکست کے بعد اب وہ اپنی جنگ پاکستان منتقل اور ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ بلوچستان و کراچی کے حالات کی خرابی اور ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک اس کی واضح مثال ہیں۔
علامہ اسدی نے کہا کہ امریکہ ہی پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتیں کروا رہا ہے اور امریکہ کے ایجنٹ مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور کوئٹہ میں ملت تشیع کو صرف اس لئے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ ملت تشیع امریکہ سے نفرت کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 90066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش