0
Friday 4 Dec 2020 21:34

پی ڈی ایم تحریک کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت جلد تبدیلی سرکار کا ڈی این اے ٹیسٹ ثابت ہوگی، صادق عمرانی

پی ڈی ایم تحریک کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت جلد تبدیلی سرکار کا ڈی این اے ٹیسٹ ثابت ہوگی، صادق عمرانی
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تحریک کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت جلد تبدیلی سرکار کا ڈی این اے ٹیسٹ ثابت ہوگی اور اس کا باقی ماندہ کچا چٹھا بھی قوم کے سامنے آ جائے گا۔ اقتدار سے چمٹے رہنے کا جواز تو وہ پہلے ہی کھو چکی ہے اس سے اس کا رہا سہا گراف بھی عرش سے فرش کو چھو رہا ہے جو اسے اپنے انجام سے دوچار کرنے کے لئے کافی ہے۔ کوئٹہ سے جاری اپنے ایک بیان میں صادق عمرانی نے کہا کہ لوگوں کے گھروں میں غربت و افلاس کے ڈیرے ہیں جبکہ حکمران اور اس کے 68 ترجمان سب ٹھیک ہونے کا راگ الاپنے میں مصروف ہیں۔

صادق عمرانی نے کہا کہ حکمران جماعت بار ہار دہرائی جانے والی باتوں کو پھر سے دہرا کر خوش فہمیوں میں مبتلا ہے، جو ہر آنے والے دن کے ساتھ ان کے گرد اپنا گھیرا تنگ کر رہی ہیں۔ عوام کا غضب و غصہ دیکھ کر ملتان سے راہ فرار اختیار کرنے والوں کے طرز عمل کی تبدیلی گواہی دے رہی ہے کہ لاہور میں منہ کی کھانی کے خوف سے تبدیلی سرکار کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلینا چاہتی ہے جو اس کی سیاسی موت کے مترادف ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ پی ڈی ایم ہی نہیں بلکہ پوری قوم آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتی ہے اور آئین سے کھلواڑ اور اسے اپنی مرضی کے سانچے میں ڈالنے والوں کا احتساب چاہتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ محاسبے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 901656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش