0
Sunday 6 Dec 2020 11:36

مقبوضہ کشمیر میں غیرملکی جنگجوؤں کی منتقلی کی بھارتی رپورٹس مسترد

مقبوضہ کشمیر میں غیرملکی جنگجوؤں کی منتقلی کی بھارتی رپورٹس مسترد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کی صفوں کو مبینہ طور پر تقویت دینے کے لیے شام سے غیرملکی جنگجوؤں کی منتقلی سے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس میں کیے گئے دعوے کو جعلی خبر قرار دے کر مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارتی میڈیا کے ایک حصے میں جعلی خبروں کی بنیاد پر چھیڑی گئی اس بحث کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں غیرملکی جنگجوؤں کو منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کا جھوٹ کشمیریوں کی مقامی جدوجہد آزادی کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا کا حصہ ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے شام میں لڑنے والے ایک ترک عسکریت پسند گروہ کے سربراہ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ عسکریت پسندوں کو مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا منصوبہ ہے، مزید یہ کہ ترک افسران کو اس مقصد کے لیے اعزاز، جرابلس، الباب، عفرین اور ادلب سے رجسٹرنگ افسرز بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ تاہم دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ اس طرح کی بھارتی چالیں ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئیں، بھارت اس طرح کا جھوٹ پھیلا کر نہ غیرقانونی اور غیر انسانی بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے کشمیریوں کی جائز جدوجہد پر پردہ ڈال سکتا ہے اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 901954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش