0
Tuesday 9 Aug 2011 19:31

پاکستان کے 18 کروڑ عوام میں سے 81 فیصد شہریوں نے حکومت کو بدعنوان قرار دیدیا

پاکستان کے 18 کروڑ عوام میں سے 81 فیصد شہریوں نے حکومت کو بدعنوان قرار دیدیا
لاہور:اسلام ٹائمز۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے چھٹے بڑے ملک پاکستان کے 18 کروڑ عوام میں سے 81 فیصد شہریوں نے حکومت کو بدعنوان قرار دیدیا ہے جب کہ عوام کی اکثریت نے عدلیہ اور پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ حال ہی میں عالمی تنظیم کی جانب سے کئے جانے والے سروے کے مطابق پاکستان کے 81 فیصد شہریوں نے حکومتی دعووں کو رد کرتے ہوئے اسے بدعنوان قرار دیا ہے جبکہ 2005ء میں 68 فیصد پاکستانیون نے حکومت کو بدعنوان قرار دیا تھا۔ 
سروے میں بتایا گیا ہے کہ ایک تہائی سے بھی کم افراد علاقے کے نمائندوں، مقامی پولیس اور انتخابات میں شفافیت والے امور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، تین پاکستانیوں میں سے ایک شہری ایسا ہے جو اپنے علاقے میں موجود حکومتی نمائندے یا سرکاری اہلکار سے مطمئن ہے۔ ایٹمی طاقت کے حامل ملک پاکستان میں فوج ایک واحد ادارہ ہے جس پہ 80 فیصد عوام نے اعتماد بر قرار رکھا ہوا ہے جب کہ یہ سروے ایبٹ آباد آپریشن کے فوراً بعد کیا گیا تھا اور اس وقت ملک بھر میں فوج پر کڑی تنقید کی جا رہی تھی۔
سروے کے مطابق 71 فیصد پاکستانی مردوں نے عدلیہ پر اعتماد کا اظہار کیا جب کہ 41 فیصد عورتیں بھی عدلیہ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، سروے سے پتہ چلتا ہے کہ 20 فیصد پاکستانی شہری ملک چھوڑنے کے خواہش مند ہیں۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ سال 2008ء میں ملک چھوڑنے کی خواہش رکھنے والے پاکستانیوں کی تعداد 6 فیصد تھی جو بیرون ملک جا کر اپنی زندگی بہتر بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق پچھلے تین برس میں ملک کے اندر غریبوں کی تعداد میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے اور خط غربت کے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کی تعداد میں 2 کروڑ 68 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ 2008ء میں خط غربت کے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد 4 کروڑ 71 لاکھ تھی جب کہ پچھلے 3 سالوں میں یہ تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 39 لاکھ ہو چکی ہے جو آبادی کا تقریبا 42 فیصد حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یومیہ 25 ہزار افراد خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے زمرے میں داخل ہو رہے ہیں جب کہ گزشتہ تین برسوں میں مہنگائی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 90568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش