0
Wednesday 30 Dec 2020 19:08

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں، سینیٹر سراج الحق

پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں، سینیٹر سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایڈہاک ازم کی بنیاد پر چل رہی ہے, پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے گزشتہ ادوار میں حکومتوں کے مزے لیے اور ملک کو مسائل سے دوچار کیا، پی ٹی آئی نے ان مسائل میں مزید اضافہ کیا۔ 2020ء پاکستان میں کسان، صحافی، دکاندار، تاجر سمیت سب پر بھاری رہا۔ جاگیردار اور سرمایہ دار کے چنگل سے آزادی حاصل کرنا ہوگی۔ جماعت اسلامی نظام بدلنے کے لیے مصروف عمل ہے۔ میڈیکل کالجز میں داخلہ کے لیے ٹیسٹ دینے والے طلبہ و طالبات کے مطالبات کو فی الفور پورا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور میڈیکل کالجز میں داخلہ کے لیے ٹیسٹ دینے والے طلبہ و طالبات کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ اڑھائی برس میں ملکی مسائل میں بے پناہ اضافہ کیا۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ موجودہ سیٹ اپ کو لانے والے بھی پریشان ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بھی ملکی مسائل میں اضافہ کی برابر کی ذمہ دار ہیں کیونکہ اتحاد میں شامل دو جماعتوں نے ماضی میں ایک نہیں کئی کئی بار حکومتوں کے مزے لیے اور ملکی ترقی کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

سراج الحق نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں، دونوں اطراف کے درمیان اختلاف پالیسی کے مسئلہ پر نہیں، ان کی خارجہ پالیسی ایک ہے۔ صحت اور تعلیم کی پالیسی ایک ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈبنک سے قرض لینے پر یہ دونوں متفق ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وہ نہیں سمجھتے کہ پی پی سندھ حکومت کی قربانی دے گی۔ پی ڈی ایم مختلف الخیال جماعتوں کا مجموعہ ہے اور سب کا اپنا اپنا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کے لیے نظام بدلنا ہوگا۔ سرمایہ دار اور جاگیردار کے چنگل سے آزادی حاصل کرنا ہوگی۔ جماعت اسلامی اسی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہماری منزل ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔ امیر جماعت نے دوہرایا کہ سیاسی جماعتوں کو کم از کم اب اس ایجنڈے پر ڈائیلاگ کا آغاز کرنا چاہیے کہ ملک میں آئندہ الیکشن کو شفاف کیسے بنایا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 907076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش