0
Tuesday 19 Jan 2021 13:12

مریم نواز مری سے اسلام آباد میں احتجاج میں شرکت کیلئے روانہ

مریم نواز مری سے اسلام آباد میں احتجاج میں شرکت کیلئے روانہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ اسلامی (پی ٹی آئی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر کے خلاف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے کیئے جانے والے احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز روانہ ہو گئیں۔ مریم نواز مری سے اسلام آباد روانہ ہوئی ہیں، وہ پہلے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچیں گی۔ پی ڈی ایم رہنما مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر جمع ہو کر ان کی قیادت میں ایک ساتھ شاہرہ دستورکے لیے روانہ ہوں گے۔ ادھر احتجاج کے لیے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے کارکن الیکشن کمیشن کے باہر پہنچنا شروع ہو گئے۔

الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کے لیے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا قافلہ نوشہرہ کے رشکئی انٹر چینج سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گیا۔ ادھر اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر احتجاج کے سلسلے میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ اس ضمن میں وزارتِ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ کنٹرول روم میں امن و امان کی صورتِ حال کی مانیٹرنگ کی جائے گی، ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی۔

تمام اہم عمارتوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے اضافی دستے تعینات کیئے گئے ہیں، اس سلسلے میں 1800 سے زائد پولیس جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق ریلی کے شرکاء کی طرف سے قانون شکنی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ادھر آئی جی اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کا دورہ کر کے سیکیورٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 911065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش