0
Saturday 23 Jan 2021 20:31

موجودہ حکومت نے پاکستان کو دنیا میں بے توقیر کر دیا ہے، احسن اقبال

موجودہ حکومت نے پاکستان کو دنیا میں بے توقیر کر دیا ہے، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت کرنے کے لیے مطلوبہ تعداد ظاہر کریں کیونکہ اس طرح کی ایک کوشش پہلے ناکام ہوچکی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جہاں تک مسلم لیگ (ن) کی سوچ کا تعلق ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اگر بلاول بھٹو زرداری کے پاس عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے مطلوبہ تعداد موجود ہے تو انہیں یقینی طور پر ظاہر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے (ماضی میں) سینیٹ انتخاب میں دیکھا جہاں پیپلز پارٹی اکثریت میں تھی لیکن (اس کے باوجود) عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوسکی لہذا صرف ایک ہی راستہ ہے جس پر ہمیں چلنا چاہیے اور وہ یہ ہے کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کو آگے بڑھایا جائے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما جولائی 2019 میں سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی منظوری میں اپوزیشن کی ناکامی کی طرف اشارہ کررہے تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کے متعدد ممبروں نے اپنی قرارداد کے خلاف ووٹ ڈال کر یا جان بوجھ کر اپنے ووٹ ضائع کرکے پارٹی قیادت کو مایوس کردیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈھائی سال میں پاکستان کی عزت کو خاک میں ملا دیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کیا حکومت کا فرض نہیں تھا کہ جہاز کی ادئیگی کے بارے میں جلد باز ی دکھاتے؟ اقوام متحدہ نے اپنے ملازمین کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ پی آئی اے پر سفر نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر ہوا بازی کو مستعفی ہوجانا چاہیے، حکومت نے جہاز کی لیز کا پیسہ جمع نہیں کرایا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ براڈ شیٹ قانون کی نظر میں لطیفہ ہے، وزیر ہوا بازی نے پوری ایوی ایشن انڈسٹری کو تباہ کر دیا، حکومت نے ڈھائی سال میں پاکستان کی عزت کو خاک میں ملا دیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کوئی جہازپکڑ رہا ہے تو کوئی بینک اکاوَنٹس قرق کر رہا ہے، آج پاکستان کی بے توقیری پر قوم ان سے استعفیٰ مانگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دنیا میں مذاق بنا کر رکھ دیا ہے، پاناما ون بھی فراڈ تھا یہ بھی فراڈ ہی ہوگا، کورونا صرف پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں آیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ لوگ ایک کروڑ نوکریاں بھول کر اپنی نوکری بچانے کی کوشش میں ہیں،لوگ 50 لاکھ گھر بھول کر اپنے سر پر موجود چھت بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 911944
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش