0
Tuesday 26 Jan 2021 23:30

 ہندوستان آبی جارحیت سے لے کر بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات تک بے نقاب ہوچکا ہے، رائو محمد ظفر

 ہندوستان آبی جارحیت سے لے کر بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات تک بے نقاب ہوچکا ہے، رائو محمد ظفر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ جنوبی پنجاب راو محمد ظفر، سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت کی طرف سے5 فروری کو محض چھٹی کا اعلان کردینا اور رسمی احتجاج کرنا کافی نہیں ہے۔ 5فروری یوم یکجہتی کے حوالے سے جماعت اسلامی بھرپور انداز میں سرگرم ہوچکی ہے اور اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کی طرح پورے جنوبی پنجاب میں نہتے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جس میں عوام کا جم غفیر شریک ہوگا۔ امریکہ کی نئی انتظامیہ نے کشمیریوں اور روہینگیا کے مسلمانوں کو تنہا نہ چھوڑنے کا وعدہ کیا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ فلسطین، برما اور مقبوضہ کشمیر سمیت جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم و ستم ہورہا ہے اس کو روکا جائے۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ رویہ ختم ہونا چاہیے تاکہ دنیا میں امن قائم ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے دریائے چناب پر متنازعہ منصوبے جاری رکھنے کا اعلان قابل مذمت ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پکل دل، رتل اور لوئر کلنائی جیسے منصوبوں سے پاکستان کے حصے کا پانی کم ہوجائے گا۔ جس سے ہزاروں ایکڑ زمین متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آبی جارحیت سے لے کر بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات تک بے نقاب ہوچکا ہے۔ عالمی میڈیا اور انٹرنیشنل ادارے بر ملا اظہار کرچکے ہیں کہ مودی سرکار پاکستان مخالف دشمنی میں بالکل اندھی ہوچکی ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان مودی حکومت کی چالبازیوں اور دہشت گردی کو منظم انداز میں دنیا کے سامنے اٹھائے۔ 
خبر کا کوڈ : 912567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش