0
Wednesday 27 Jan 2021 11:42

ڈی آئی خان، اڑھائی مہینے بیت گئے مغوی محسن عباس بازیاب نہ ہوسکے

ڈی آئی خان، اڑھائی مہینے بیت گئے مغوی محسن عباس بازیاب نہ ہوسکے
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ سے اغواء ہونے والے محسن عباس کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔ ان کے اغواء کو تقریباً اڑھائی مہینے بیت گئے ہیں مگر پولیس سمیت دیگر ادارے تاحال ان کا کھوج لگانے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ سے اڑھائی مہینے قبل محسن عباس کو اس وقت اغواء کیا گیا، جب وہ کھیل کے میدان سے واپس گھر لوٹ رہے تھے۔ محسن عباس اوسط درجے کے زمیندار خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ اغواء کے بعد ان کی فیملی نے بازیابی کیلئے پولیس سمیت ہر دروازے پہ دستک دی مگر اڑھائی مہینے گزر جانے کے باوجود بھی وہ بازیاب نہیں ہو سکے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق اغواء کار تاوان کیلئے انتہائی بڑی رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں، جو کہ کروڑوں میں ہے جبکہ محسن عباس کی فیملی کے پاس ماسوائے زمینوں کے اور کچھ بھی نہیں ہے جبکہ عجلت میں زمین کی فروخت بھی اونے پونے داموں ہوتی ہے۔

نیز یہ کہ تاوان کی ادائیگی کے بعد یہ کنفرم نہیں کہ اغواء کار محسن عباس کو صحیح سلامت رہا کر دیں۔ شہریوں کے مطابق یہ ریاستی اداروں کی نااہلی ہے کہ وہ اس جدید دور میں بھی مغوی کا سراغ نہیں لگا پائے۔ نیز یہ کہ مخصوص مکتب فکر کو علاقہ بدر کرنے کیلئے ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کا سلسلہ جاری ہے۔ اس طریقے سے یہ لوگ ایک طرف اپنی قیمتی زمینیں فروخت کرنے پر مجبور ہیں اور دوسری طرف عدم تحفظ کی وجہ سے ان پر کام کاروبار کے دروازے بھی بند ہیں۔ یاد رہے کہ محسن عباس ولد غلام عباس کے چچا کو بھی کچھ مدت پہلے اغواء کیا گیا تھا اور بھاری تاوان کے عوض رہا کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 912636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش