0
Wednesday 3 Feb 2021 01:03

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے انتظامی معاملات چلانے کیلئے مستقل وائس چانسلر موجود نہیں ہے، پروفیسر مسعود رئوف ہراج 

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے انتظامی معاملات چلانے کیلئے مستقل وائس چانسلر موجود نہیں ہے، پروفیسر مسعود رئوف ہراج 
اسلام ٹائمز۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی مستقل وائس چانسلر کی عدم تعیناتی کے باعث مسائل کا شکار ہے، فیکلٹی کی کمی، نئے کورسز کے اجراء میں عملی اقدامات کا فقدان، تنخواہوں میں مالی بے ضابطگیوں، ہاسٹلز کی زبوں حالی اور ادویات کی کمی جیسے مسائل بڑھ گئے، پرو وائس چانسلر کے بطور وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی تمام اقدامات 15 جنوری کے بعد غیر قانونی تصور کئے جائیں گے۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی واحد میڈیکل یونیورسٹی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے انتظامی معاملات چلانے کے لئے مستقل وائس چانسلر موجود نہیں ہے، یونیورسٹی ایکٹ کے سیکشن 12 سب سیکشن 9 کے مطابق وائس چانسلر کی غیر موجودگی میں پرو وائس چانسلر وی سی کی ذمہ داری سرانجام دے گا۔

پروفیسر مصطفی کمال پاشا مرحوم کی 15 جولائی کو وفات کے بعد سے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد عجاز مسعود نے ایکٹ کے مطابق ذمہ داریاں سنبھال لیں جبکہ یونیورسٹی ایکٹ کے سیکشن 12 اور سب سکشن 10 کے مطابق پرو وی سی یا کوئی بھی ایکٹنگ وائس چانسلر 6 ماہ سے زیادہ کام نہیں کرسکتا، قانون کے مطابق چھ ماہ کے اندر یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب اور محکمہ صحت مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کو یقینی بنائے گی، جبکہ 6 ماہ گزرنے کے بعد ایکٹنگ وائس چانسلر کی کوئی قانونی حیثیت باقی نہیں رہی اور اس کے بعد ہونے والے تمام اقدامات غیر قانونی تصور کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر مسعود الروف ہراج و دیگر کا مزید کہنا تھا کمیونٹی عوام طلبہ کو ان 6 ماہ کے دوران میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مسائل کے انبار جیسا کہ فیکلٹی کی شدید کمی، ڈاکٹرز کے تنخواہوں میں مالی بے ضابطگیاں، نئے کورسز و امتحانات کے اجرا کا فقدان، طلبہ اور ڈاکٹر کے ہاسٹلز کی زبوں حالی، عوام الناس کے لئے ادویات کی عدم دستیابی ہے۔

لیکن پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز مسعود ان مسائل کے حل کی بجائے اپنے دفتر کی تزئین و آرائش اور ذاتی تشہیر میں مصروف ہیں، جس کے باعث ادارہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کے مریضوں میں کمی واقع ہوچکی ہے، جس پر ہم ڈاکٹر اور دیگر تمام طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملتان میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹروں، نرسز و پیرا میڈیکس کو کورونا ویکسین ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائے، ہم وزیراعلیٰ پنجاب وزیر صحت پنجاب، سیکرٹری صحت اور تمام اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نشتر کے مسائل پر توجہ دیتے ہوئے فی الفور مستقل وائس چانسلر کی میرٹ پر بھرتی کو یقینی بنایا جائے اور ملتان کے تمام ہسپتالوں میں ایڈہاک پر طبی عملے کی شدید کمی کو فی الفور پورا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 913968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش