0
Monday 8 Feb 2021 21:44

اللہ کے نظام پر بھروسہ ہے، محمد علی سدپارہ کی بحفاظت واپسی کیلئے پرامید ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات

اللہ کے نظام پر بھروسہ ہے، محمد علی سدپارہ کی بحفاظت واپسی کیلئے پرامید ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ ہم محمد علی سدپارہ اور ساتھیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے پرامید ہیں، ان شاء اللہ وہ جلد لوٹ آئیں گے کیونکہ ہمیں اللہ کے نظام پر بھروسہ ہے، اللہ تعالیٰ پتھر کے اندر کیڑے کو زندہ رکھتا ہے تو اس امید کے ساتھ کہ محمد علی سدپارہ کے ساتھ بھی کوئی معجزہ بھی ہوسکتا ہے۔ گلگت بلتستان ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات جی بی کا کہنا تھا کہ دو ہزار پانچ کے زلزلے کے دوران ایک خاتون کو ملبے کے نیچے سے چونسٹھ روز بعد زندہ نکال لیا گیا تھا۔ یہ اللہ کا نظام ہے اور ہمیں اس نظام پر بھروسہ رکھنا چاہیئے۔

سرچ آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز مسلسل تیسرے روز بھی سرچ آپریشن میں مصروف رہے، لیکن ابھی تک مشن میں خاص کامیابی نہ مل سکی، کیونکہ اس وقت کے ٹو پر منفی 63 ڈگری تک کی سردی ہے جبکہ کے ٹو کے بالائی حصے گہرے بادلوں کی زد میں ہیں، تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں، جس کی وجہ سے ریسکیو مشن میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل پھر سے ریسکیو مشن جاری رہے گا اور ہم ان شاء اللہ کامیابی کی طرف جائیں گے۔ صوبائی حکومت، پاک فوج اور سول انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں، امید ہے جلد تلاش کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی سدپارہ قومی ہیرو ہیں، انہیں اور ان کے بیٹے کو اعلیٰ سول ایوارڈ کیلئے صوبائی حکومت نامزد کریگی۔
خبر کا کوڈ : 915095
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش