0
Monday 15 Feb 2021 17:05

کوئی گھر آکر بھی پیشکش کرے تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جاؤنگی، مریم نواز

کوئی گھر آکر بھی پیشکش کرے تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جاؤنگی، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئی گھر آکر بھی پیشکش کرے، تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جاؤں گی۔ جاتی امرا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے، روز انڈے، مرغی، سبزی، پیٹرول و بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، عوام پر مسلط لوگ حکومت کر رہے ہیں، ہمیں ان کا راستہ روکنا ہے، بیک ڈور رابطوں کی ان کو ضرورت ہے، جو حکومت میں ہیں، ایک پیج والوں نے کہنا شروع کر دیا کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بناؤ، پی ڈی ایم عوام کی نمائندہ ہے اور اپوزیشن کو عوامی آواز میں اپنی آواز ملانی پڑے گی، پی ڈی ایم کو توڑنے والے خود ٹوٹتے نظر آئیں گے۔ عوام جو حالات دیکھ رہے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ کہیں سینیٹ الیکشن سے پہلے تحریک عدم اعتماد ہی نہ آ جائے۔

ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے درخواست سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف جب بیرون ملک گئے تھے تو میں نے بھی لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی، یہ درخواست کورونا کی وجہ سے زیرالتوا ہے، کچھ وزراء کہہ رہے ہیں کہ مریم کو باہر بھیج دیں، لیکن وہ باہر نہیں جائیں گی، میرا اپنی صحت سے متعلق بھی ایک چھوٹا سا مسئلہ ہے، میری سرجری ہونی ہے، جو ملک میں نہیں ہوسکتی، اس کے باوجود نہیں جاؤں گی، یہ خوشی حکومت کو نہیں دوں گی۔ جینا مرنا پاکستان میں ہے، اب فیصلہ کر لیا ہے کہ حکومت کو ای سی ایل سے نام نکالنے کا نہیں کہوں گی، اگر گھر آکر بھی کوئی پیشکش کرے، تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جاؤں گی۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ ہماری کوشش پوری ہے کہ سینیٹ میں اچھے لوگ آئیں، یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کی سیٹ کے لئے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں، نواز شریف اور (ن) لیگ نے جنہیں سینیٹ کے ٹکٹ دیئے ان پر فخر ہے، نواز شریف نے ایسے شخص کو ٹکٹ نہیں دیا، جو خرید و فروخت کا مالک ہو، نواز شریف نے جنہیں ٹکٹ دیئے، ان میں کوئی بھی ارب پتی یا کروڑ پتی نہیں بلکہ ان سب کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، بہت پرامید ہوں کہ چیئرمین سینیٹ پی ڈی ایم کا ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان دوسری جماعتوں پر الزامات لگاتے ہیں اور خود کروڑ پتی اور ارب پتی لوگوں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیئے، حکمران جماعت کے خلاف ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہوئے، جس طرح سے انہوں نے ٹکٹ تقسیم کیے ہیں، یہ تو کہتے تھے کہ 22 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں، 22 سال میں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جس کو ٹکٹ دے سکیں۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ دھاندلی ایک حد تک ہی کی جاسکتی ہے، اگر عوام کھڑے ہو جائیں تو انتخابات چوری کرنا مشکل نہیں تو ناممکن ہو جاتا ہے، ڈسکہ میں عوام نے جس طرح حمایت کی، اسے دیکھ کر اگر ضمنی انتخاب میں حکومت نے کچھ کرنے کی کوشش کی تو یہ حرکت چھپے گی نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پاسپورٹ کے حوالے سے نواز شریف قانونی معاملات کو دیکھ رہے ہیں، گھٹیا دھمکیوں اور سیاست سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ان سے مریم نواز اکیلی ہی نہیں سنبھالی جا رہی تو نواز شریف آ گئے تو کیا کریں گے۔؟
خبر کا کوڈ : 916391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش