0
Friday 19 Feb 2021 12:58

 زندہ انسانوں کو لاپتہ کرنے سے خاندان زندہ درگور ہوجاتے ہیں، لیاقت بلوچ 

 زندہ انسانوں کو لاپتہ کرنے سے خاندان زندہ درگور ہوجاتے ہیں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز، نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سرکار نے سیاسی، اقتصادی، پارلیمانی محاذ پر باقاعدہ حکمت عملی کے تحت فساد اور افراتفری یپیدا کی ہے، اس کی آڑ میں مخالفین کی تذلیل، قومی مفادات کی سودے بازی اور من پسند عوام دشمن مافیا کو تحفظ دیا جا رہا ہے، عوام مہنگائی، بے روزگاری، رشوت، کرپشن اور لاقانونیت کے ہولناک گرداب میں دھکیل دیے گئے ہیں۔ عمران خان نے عوامی فلاح اور اصلاح احوال کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو سینیٹ الیکشن کے بعد سیاسی بھونچال میں نااہلی، نالائقی اور کرپٹ مافیا کو تحفظ دینے والا اقتدار تنکوں کی طرح بکھر جائے گا۔ حکومتی ناکامیوں کو زیادہ دیر سہارا دینا اسٹیبلشمنٹ کے بس میں نہیں رہے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات پر سپریم کورٹ کو دھوکا دیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کے لیے آئینی اختیار نہیں رکھتا، یہ المیہ اور غیرجمہوری روش کی انتہا ہے کہ سیاسی جمہوری حکومتیں عوام کی دہلیز پر مسائل حل کرنے کے لیے بااختیار بلدیاتی نظام لانے کی نیت ہی نہیں رکھتیں۔ اس محاذ پر بھی پی ٹی آئی، پی پی، مسلم لیگ کا ایک ہی لائحہ عمل ہے۔ تمام جمہوری قوتوں کو بااختیار بلدیاتی نظام، شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات، آئین و پارلیمانی نظام کے تحفظ کے لیے قومی ڈائیلاگ کرنا ہوگا، اس قومی فرض کی ادائیگی گے لیے پی ٹی آئی حکومت تکبر، غرور اور تذلیل کی روش ترک کرے۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بلوچستان کے خاندانوں کے احتجاج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندہ انسانوں کو لاپتہ کرنے سے خاندان زندہ درگور ہوجاتے ہیں۔ حکومت اور ریاستی ادارے طویل مدت سے جاری لاقانونیت ترک کریں، لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، آئین، قانون، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے چارٹر کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 917128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش