0
Sunday 7 Mar 2021 23:43

سلامتی کونسل فلسطینی حمایت کے عالمی نظام اور قرارداد 2334 کو فورا فعال کرے، رام اللہ

اسرائیلی عدالتیں غاصب صیہونی رژیم کے جرائم کو جواز بخشنے کا اصلی ذریعہ ہیں
سلامتی کونسل فلسطینی حمایت کے عالمی نظام اور قرارداد 2334 کو فورا فعال کرے، رام اللہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں صیہونی جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین سے متعلق بین الاقوامی حمایت کے نظام کو فی الفور فعال کرے۔ فلسطینی سرکاری خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی حمایت سے متعلق بین الاقوامی نظام خصوصا قرارداد 2334 کو فعال کرے۔ رام اللہ نے تاکید کی ہے کہ صیہونی عدالتیں اور غاصب صیہونی رژیم کی عدلیہ غاصب قبضہ گروپ کا مستقل حصہ اور اسرائیلی جرائم کو جواز بخشنے کا اہم ذریعہ ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی عدالتیں و صیہونی عدلیہ مجرموں کے لئے قانونی پکڑ سے فرار کے رستے ہموار کرتی ہے جبکہ یہ مسئلہ عالمی عدالت کی نظر سے ہرگز پوشیدہ نہیں۔

رام اللہ نے اپنے بیان میں تاکید کی کہ صیہونی عدلیہ نے صرف 2 روز قبل ہی مقبوضہ قدس کے 3 فلسطینی خاندانوں کو بے گھر کرنے کا حکم اور حرم ابراہیمیؑ میں لفٹ تعمیر کرنے کے لئے صیہونیوں کو لائسنس جاری کیا ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مقبوضہ اراضیوں کے قدیم باسیوں کو وہاں سے بے دخل کر دیئے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات فلسطینی وجود کے خلاف ایک قسم کی جنگ ہے جس کے ذریعے صیہونی رژیم ان علاقوں پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں یہودی بھی بناتی جا رہی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان کے آخر میں تاکید کی کہ گرفتاری، فائرنگ، موت کی سزا، گھروں کی مسماری اور مسماری کے نوٹس، سب کے سب ایسے الفاظ و مفاہیم ہیں جو قابض رژیم کی جانب سے تیار کی گئی افسوسناک صورتحال کو بیان کرتے ہیں اور جن کا انسانی حقوق کے ساتھ نہ صرف کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ اقدامات انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ انسانیت سوز جنگی جرائم بھی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش