0
Friday 12 Mar 2021 23:59

شام، قابض ترک فوج کیجانب سے چوتھا غیر قانونی فوجی اڈہ قائم

شام، قابض ترک فوج کیجانب سے چوتھا غیر قانونی فوجی اڈہ قائم
اسلام ٹائمز۔ عرب میڈیا کے مطابق شامی سرزمین پر غیر قانونی طور پر موجود ترک فوج نے شام کے شمالی صوبے رقہ میں اپنا چوتھا غیر قانونی فوجی اڈہ قائم کر لیا ہے۔ ہاوار خبررساں ایجنسی کے مطابق شامی سرزمین پر ترک فورسز کا چوتھا غیر قانونی فوجی اڈہ بین الاقوامی ہائی وے "M-4" پر واقع عین عیسیٰ نامی شہر کے ہوشان گاؤں میں قائم کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترک فورسز نے اس اڈے میں واچ ٹاور اور ریڈار تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں بھاری اسلحہ اور دسیوں فوجی گاڑیاں بھی جمع کر رکھی ہیں بلکہ اس کے اردگرد دسیوں مورچے و چیک پوسٹیں بھی قائم کر لی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ترکی کی جانب سے عین عیسیٰ کے دونوں اطراف واقع اپنے فوجی اڈوں میں ریڈار اور ہوائی دفاعی نظام بھی نصب کیا گیا ہے، جس کے بارے ان کا کہنا ہے کہ ان سسٹمز کا مقصد ممکنہ ڈرون حملوں سے بچاؤ ہے۔

واضح رہے کہ شام میں غیر قانونی طور پر موجود ترک فوج کی جانب سے قبل ازیں گذشتہ 3 ماہ میں 3 غیر قانونی فوجی اڈے قائم کئے جا چکے ہیں، جو سب کے سب شہر عین عیسیٰ کے شمال، مشرق اور مغرب میں واقع ہیں، جن کا عین عیسیٰ شہر کے مرکز سے صرف 2 کلومیٹر کا فاصلہ ہے جبکہ شامی حکومت کی جانب سے ملکی سرزمین پر ترک فوجیوں کی موجودگی کو بارہا غیر قانونی قرار دیا جا چکا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک فورسز کی جانب سے عین عیسیٰ میں ان کی موجودگی پر ناراض نہتے عوام کے خلاف بھی گاہے بگاہے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہتا ہے جبکہ چند روز قبل ہی عین عیسیٰ پر ترک فورسز کے آرٹلری و راکٹ حملے میں 6 بے گناہ شہری شہید اور 16 زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 921187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش