0
Sunday 14 Mar 2021 18:47

جمہوری اداروں کو بے وقعت کیا جا رہا ہے، مجلس شوریٰ جے یو پی

جمہوری اداروں کو بے وقعت کیا جا رہا ہے، مجلس شوریٰ جے یو پی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کی مجلس شوریٰ کا اجلاس مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیر صدارت جامعتہ الاسلام جوہر ٹاون لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پی ڈی ایم کے 26 مارچ کو ہونیوالے لانگ مارچ اور تنظیمی امور کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جمہوری اداروں کو بے وقعت کیا جا رہا ہے۔ سیاست اور سیاستدانوں کو بدنام کرنے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ریاستی اداروں کی مداخلت کی شکایات پہلے بھی تھیں، لیکن جو حالات آج ہیں کبھی پہلے نہیں دیکھے گئے۔ اراکین مجلس شوریٰ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا فوج کا سیاست میں حصہ نہ لینے کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اس دعوے پر عملی مظاہرے کے منتظر ہیں۔

پیر اعجاز ہاشمی کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ جعلی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹا کر یوسف رضا گیلانی کی جیت کا اعلان کیا جائے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے تنظیموں کو متحد کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی اور نیب کی اپوزیشن رہنماوں کیخلاف احتساب کے نام پر انتقام کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ ریاستی ادارے حکمرانوں کے ہاتھوں کھلونا بننے کی بجائے، اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال اپوزیشن کیخلاف خود پارٹی بن چکے ہیں اور حکومتی ڈکٹیشن پر عمل کرتے ہیں، ایسا شخص غیر جانبدار ادارے کی سربراہی کے قابل نہیں، انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ اجلاس سے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ 25 جولائی 2018ء کے فراڈ انتخابات کے ذریعے عمران خان حکومت کو مسلط کیا گیا۔ ڈسکہ میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی چوری پکڑی گئی اور اب حکومت شرمندگی سے منہ چھپاتی پھرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی مدد سے وزیراعظم نے اعتماد کا جبری ووٹ حاصل کیا۔ پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی ایوان کی اکثریت کی حمایت رکھتے ہیں مگر عجلت اور جانبداری سے پریذائیڈنگ آفیسر مظفر شاہ نے صادق سنجرانی کو ایوان بالا پر مسلط کرنے کا اعلان کیا۔ ہم تسلیم نہیں کرتے اور امید کرتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز واضح اعلان کریں گے کہ وہ جعلی چیئرمین کو تسلیم نہیں کرتے اور ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی، پیر محفوظ مشہدی، علامہ نور احمد سیال، مفتی محمد ابراہیم قادری، حاجی فیاض خان، ڈاکٹر جاوید اختر، عباس قادری، عطااللہ خان روکھڑی، مفتی غلام غوث صابری اور دیگر شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 921503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش