0
Friday 2 Apr 2021 15:26

کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ، سندھ میں برطانیہ سے آنے والوں کا ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ

کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ، سندھ میں برطانیہ سے آنے والوں کا ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں برطانیہ سے آنے والوں کا ایک ماہ کا ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا سندھ میں ایک ملین آبادی پر 68877 ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں، اس وقت تک کل 3.3 ملین ٹیسٹ ہوچکے ہیں جبکہ کل 8913 ٹیسٹ کئے گئے جن میں2.7 فیصد یعنی 237 کیسز ظاہر ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں 664 آئی سی یو بیڈز اور وینٹ کا انتظام ہے، 1872 ایچ ڈی یو بیڈز اور 1374 لو فلو آکسیجن بیڈز موجود ہیں، اس وقت تک 265916 کیسز ہوچکے جن میں 256384 صحت یاب ہوئے جبکہ صوبے میں کل 4504 اموات ہوچکی ہیں جو کیسز کا 1.7 فیصد ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں مثبت تناسب 26 مارچ سے یکم اپریل تک 2.6 سے 2.66 رہا، کراچی میں ڈائریکشن ریشو 4.63 فیصد، حیدرآباد میں 5 فیصد اور باقی اضلاع میں 1.57 فیصد ہے جبکہ ڈبلیو ایچ او نمائندہ نے بتایا کہ پاکستان میں 11.21 فیصد مثبت کیسز ہیں۔ اجلاس میں سندھ میں برطانیہ سے آنے والوں کا ایک ماہ کا ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن نہیں چاہتے، ہم صرف بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کو 2 ہفتے بند کرنا چاہتے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند ہونے سے تیسری لہر کا پھیلاؤ رک سکتا ہے، ہم پورٹ ایکٹوٹی، گڈز ٹرانسپورٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں،  اکیلے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند نہیں کر سکتے یہ قومی فیصلہ ہونا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 924800
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش