0
Thursday 22 Apr 2021 10:57

ہمارا گروپ کسی کمیٹی سے نہیں صرف وزیراعظم سے ملے گا، جہانگیر ترین

ہمارا گروپ کسی کمیٹی سے نہیں صرف وزیراعظم سے ملے گا، جہانگیر ترین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہمارا گروپ کسی کمیٹی سے نہیں صرف وزیراعظم عمران خان سے ملے گا۔ سیشن کورٹ لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ میرے گھر ایک افطاری تھی، جس میں دوستوں نے شرکت کی، اسلام آباد سے بھی کچھ دوستوں نے رابطہ کیا۔ ان کا کہنا تھا توقع ہے کہ ہمارے گروپ کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، ہم کسی کمیٹی سے نہیں ملیں گے، ہمارا گروپ صرف عمران خان سے ملے گا۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کے دور میں بھی میرے کاروبار کی چھان بین کی گئی، میرا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں ہے، یہ کیس ایف آئی اے کا ہے ہی نہیں، کیس میں کوئی مدعی نہیں ہے، کسی شیئر ہولڈر نے اعتراض نہیں کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے کچھ لوگوں نے وزیراعظم سے میری ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ کوئی شیئر ہولڈر میرے خلاف مدعی نہیں، سب مجھ سے خوش ہیں، میرے خلاف مقدمہ فوجداری نہیں، یہ کیس ایف آئی اے کا نہیں ہے، یہ ایس ای سی پی اور ایف بی آر کے کیسز ہیں، عدالت سے انصاف ضرور ملے گا۔ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوا تو (ن) لیگ نے میرے کاروبار کی چھان بین کرکے نوٹس بھیجے، لیکن (ن) لیگ نے بھی سول کیس کو فوجداری کیس نہیں بنایا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ حکومتی کمیٹیوں کی خبر ٹی وی پر دیکھی، لیکن ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، میں نے کہا حکومتی کمیٹی سے کوئی بات نہیں کریں گے۔

عمران خان سے دیرینہ تعلق اور ایسا رشتہ ہے جو کمزور نہیں ہونا چاہیئے، میں نے اور عمران خان نے مشترکہ جدوجہد کی ہے، میری جانب سے ساتھیوں کو دعوت افطار دی گئی تھی، اس سے ایک دن پہلے اسلام آباد سے کچھ لوگوں نے رابطہ کیا اور یقین دہانی کروائی کہ آپ کے گروپ کی چند دنوں میں وزیراعظم سے ملاقات ہوگی۔ اس موقع پر جہانگیر ترین کے حامی اور صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دلایا ہے کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا، انہوں نے کہا جہانگیر ترین کی خدمات ہیں۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے 2 مختلف مقدمات میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔
خبر کا کوڈ : 928620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش