0
Tuesday 27 Apr 2021 22:35

حکومتی کارکردگی مایوس کن اور قابل شرم ہے، جماعت اسلامی

حکومتی کارکردگی مایوس کن اور قابل شرم ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے، جسے قابل فخر نہیں بلکہ قابل شرم کہا جا سکتا ہے، حکومتی دعووں کے برعکس مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، تین سالوں میں 4 وزیر خزانہ حکومتی ناکام معاشی ٹیم کا منہ بولتا ثبوت ہے، مفتی منیب الرحمٰن اور دیگر علماء کرام کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے، پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے، رمضان قرآن، جہاد، انفرادی تربیت اور اسلامی فتوحات کا مہینہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ اس جدید دور میں بھی سندھ کے عوام بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم ہیں، پیپلز پارٹی گذشتہ 13 سالوں سے برسراقتدار ہے مگر اس کے باوجود کراچی سے کشمور سندھ کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی ملک و صوبے کا بڑا شہر ہے، یہاں بھی لوگ پانی کیلئے پریشان ہیں، نعمت اللہ خان کے دور میں منظور ہونے والے کے فور منصوبہ پر تاحال کام شروع نہیں کیا گیا ہے، مرکز و صوبہ کی طرف سے سندھ میں کوئی فلائی اوور، بہتر ٹرانسپورٹ کا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں اور قبائلی جھگڑوں نے معمول کی زندگی مفلوج کر دی ہے، ہر سال ترقیاتی بجٹ بنایا جاتا ہے، مگر زمین پر کام نظر آنے کی بجائے صرف فائلوں کا پیٹ بھر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور قیام امن کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے، تاکہ شہری کوئی سکھ کا سانس لے سکیں۔

صوبائی امیر نے کہا کہ انصاف کی دعویدار پی ٹی آئی قیادت نے احتساب کے نعرے کو عملی طور انتقام میں بدل دیا ہے، بیرون ملک جمع شدہ لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لائی گئی اور نہ ہی چینی آٹا اسکینڈل میں ملوث انسانیت دشمن لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پاکستان ہے تو پھر غریب و امیر کیلئے الگ الگ قانون کی بجائے قانون بھی ایک ہی ہونا چاہیے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن سمیت تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے قیام میں مضمر ہے، جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام اور صالح قیادت کیلئے کوشاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 929575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش