0
Tuesday 4 May 2021 08:58
کورونا کے باعث لاہور میں یوم علیؑ کے مرکزی جلوس کا وقت تبدیل

لاہور: یوم علیؑ کا مرکزی جلوس رات 11 بجے برآمد ہوکر اختتام پذیر

لاہور: یوم علیؑ کا مرکزی جلوس رات 11 بجے برآمد ہوکر اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی یومِ شہادتِ حضرتِ علی علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور کا تاریخی مرکزی جلوس رات 11 بجے اندرون موچی دروازہ مبارک حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ جلوس کے راستے میں سبیلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ جبکہ عزاداروں میں ماسک بطور تبرک تقسیم کئے گئے۔ مبارک حویلی سے برآمد ہونیوالا جلوس محلہ شیعاں سے ہوتا ہوا ہے چوک نواب صاحب پہنچا۔ جہاں سے زیارت نثار حویلی لائی گئی۔
 
اس کے بعد مرکزی جلوس چوہٹہ مفتی باقر، چوک پرانی کوتوالی سے سنہری مسجد، رنگ محل چوک، پانی والا تالاب، بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا علی الصبح 7 بجے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ آج یومِ شہادتِ شیرِ خدا علیہ السلام کی مناسبت سے آج دن بھر کربلا گامے شاہ میں مجلس عزا ہوتی رہے گی جبکہ شام کے اوقات میں افطاری کے بعد زیارت واپس مبارک حویلی پہنچائی جائے گی۔ امسال کورونا کی صورتحال کے پیش نظر جلوس کا وقت تبدیل کیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بانیان جلوس کو حکومت سے تعاون کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس کے پیش نظر اس سال جلوس کا وقت تبدیل کرکے اسے مختصر کر دیا گیا۔

مرکزی جلوس قبل از وقت برآمد ہونے کے باوجود عزاداروں کی بڑی تعداد جلوس میں شریک ہوئی اور مولائے کائنات کا غم منایا۔ عزاداروں نے ماسک پہن رکھے تھے اور حکومتی ایس او پیز کو مکمل فالو کر رہے تھے۔ اس موقع سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کے ہزاروں اہلکار جلوس کے روٹ پر تعینات رہے جبکہ اعلیٰ افسران بھی جلوس کے ہمراہ موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی جلوس کیساتھ موجود رہے۔
خبر کا کوڈ : 930612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش