0
Tuesday 4 May 2021 16:16

چاہتے ہیں صوبے کے ہر شہری کو ویکسین لگے، مراد علی شاہ

چاہتے ہیں صوبے کے ہر شہری کو ویکسین لگے، مراد علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا محکمہ صحت کو پرائیویٹ اسپتالوں کو کولڈ چین اور ویکسین دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ چاہتے ہیں صوبے کے ہر شہری کو ویکسین لگے۔ مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی، اس دوران وزیرصحت، وزیر بلدیات، مشیر قانون، چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل اور دیگر بھی وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔ اس دوران مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق کہا کہ کراچی میں 12 فیصد، حیدرآباد 18 اور سکھر میں 6 فیصد سے زائد کورونا کے کیسز موجود ہیں، ایس او پیز پر مزید عملدرآمد کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں، اولڈ ایج ہومز میں بھی کورونا ویکسینیشن کراؤں گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرکزی ڈیسک ہونی چاہیئے جو کورونا مریضوں کو اسپتالوں میں خالی بستروں کی آگاہی دے، ہمارے اسپتالوں میں آکسیجن کا مکمل انتظام ہونا چاہیئے، مریض کو آکسیجن بر وقت لگ جائے تو وینٹی لیٹرز پر جانے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز سے ملاقات کا مقصد کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے، تمام ڈاکٹرز کی رہنمائی اور معاونت کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے شہریوں کو کورونا سے محفوظ بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کے داخلی راستوں پر سختی کی جائے، بڑی عمر کے افراد کو گھروں میں ویکسین لگانے کے انتظام بھی کئے جائیں۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل کا آکسیجن پلانٹ 3 ماہ میں تیار ہوسکتا ہے، اس پلان کو کارآمد بنانے کے لئے 1 ارب روپے کی لاگت آئے گی، ہم ایک ارب روپے خرچ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پلانٹ کا جائزہ لے اس پلانٹ کو چلائے گی، آکسیجن کی ضرورت ہوگی، ہمیں بھر پور تیاری کرنی ہے۔

اس دوران ڈاکٹر سیمی جمالی نے ڈاکٹروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  سندھ حکومت کورونا وائرس پر اچھا کام کر رہی ہے۔ دوسری جانب وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت میں مرکزی سسٹم قائم ہے،  اسپتالوں کے مریضوں کو جہاں بستر دستیاب ہوتے ہیں ان کو گائیڈ کرتے ہیں، ہم نے نرسز بھرتی کی ہیں اور مزید بھرتی کررہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل عملہ وینٹی لیٹرز چلانے کے لئے موجود ہے اور مزید بھی بھرتی کر رہےہیں۔ اس دوران ڈاکٹر قیصر کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ افسوس کی بات ہے کہ کورونا پر سیاست ہو رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ پر پابندی اچھا اقدام ہے۔
خبر کا کوڈ : 930684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش