0
Friday 7 May 2021 23:25

شیطان بزرگ امریکہ اور اسرائیل کی نابودی کا آغاز ہو چکا ہے، سید علی رضوی

شیطان بزرگ امریکہ اور اسرائیل کی نابودی کا آغاز ہو چکا ہے، سید علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی سکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم آغا علی رضوی نے سکردو میں یوم القدس کی عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیطان بزرگ امریکا اور اسرائیل کی نابودی کا آغاز ہو چکا ہے، عالمی استکباری طاقتوں بالخصوص امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود شام، عراق، یمن، لبنان اور فلسطین میں شکست کھا کر ہزیمت اٹھانے پر مجبور ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے جن کمزور ممالک پر سات دہائیوں سے مظالم کے پہاڑ ڈھائے جاتے رہے، اب انہی ممالک سے غاصب ریاست کو جوابی حملوں میں جدید میزائلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پوری دنیا جانتی ہے مقاومتی بلاک کی سرپرستی قوت ایمانی سے سرشار بابصیرت قیادت کر رہی ہے، جو دنیا بھر کے مظلومین کو عزم و ہمت عطا کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتی۔ سید علی رضوی نے کہا کہ یوم القدس دنیا بھر کے مظلوموں کی داد رسی اور ظالم و جابر حکمرانوں اور ریاستوں کیخلاف آواز بلند کرنے کے حوالے سے ایک شاہکار استعارہ ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ملکی اور گلگت بلتستان کے اہم امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کو بااختیار سیٹ اپ کے وعدے پر حکومت وقت کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر راضی ہوئے، علاقے کے محکوم عوام کی امنگوں کے مطابق بااختیار سیٹ اپ کے اس وعدے کو ہر حال میں عملی جامہ پہنانا ہمارا ہدف ہے، جس سے کسی صورت ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان کیلئے اسپیشل پیکیج کا ہم خیر مقدم کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ یہ اعلان اعلان کی حد تک نہیں رہے گا۔ عملدرآمد کرنا حکومت کی زمہ داری ہے اور ہم ہر صورت ان اعلانات کو عملی جامہ پہناتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کا موجودہ وزیر اعلی باصلاحیت، قابل اور بااعتماد شخصیت کے مالک ہیں۔ ان سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ علاقے اور عوام کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرنے سے دریغ نہیں کرینگے۔

آغا علی رضوی نے یہ بھی واضح کیا عوام اور علاقے کیساتھ کئے گیے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنانا لازمی ہے، کسی صورت عوام سے خیانت کی گنجائش نہیں، بلتستان خصوصاً سکردو کے مسائل و مشکلات کا جلد از جلد حل نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے، یونیورسٹی کے اندر میرٹ کیخلاف سفارش اور اقربا پروری کی داستانیں سننے کو مل رہی ہیں، ہم ایسا ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ شہر میں سڑکوں کی معیاری تعمیر کو یقینی بنائی جائے، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ٹھیکیداروں کیخلاف ہر حد تک جاییں گے۔ اپنی تقریر میں آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ بلتستان ڈویژن کے وزرا، وزارتوں پر خوش باش ہو کر مطمئن نہ ہوں، علاقے اور عوام کی مشکلات کیلئے کردار ادا کرنا انکا فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے علمائے کرام اور ملی تنظیمیں مسائل کے حل اور عوامی امنگوں کی ترجمانی کیلئے اسی طرح ہم آواز ہو جائیں جس طرح اس یوم القدس کی ریلی اور جلسے میں سب ایک خوبصورت لڑی میں جمع ہو گئے ہیں۔ اگر ہم اتحاد و اتفاق کیساتھ معاملات پر ایک ہو جائیں تو حکومت اور انتظامیہ سمیت کسی میں ہمت نہیں ہوگی کہ علاقے کے مسائل پر سستی کا مظاہرہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 931358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش