1
Thursday 20 May 2021 12:53

یو پی میں مسجد کی شہادت کا واقعہ پوری ملت اسلامیہ کیلئے بے حد تکلیفدہ ہے، مولانا عطاء الرحمن ندوی

یو پی میں مسجد کی شہادت کا واقعہ پوری ملت اسلامیہ کیلئے بے حد تکلیفدہ ہے، مولانا عطاء الرحمن ندوی
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اترپردیش میں 100 سالہ قدیم مسجد غریب نواز کو بی جے پی حکومت کے ذریعے شہید کئے جانے پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمن ندوی نے کہا کہ مسجد کی شہادت کا واقعہ پوری ملت اسلامیہ کے لئے بے حد تکلیف دہ، باعث رنج اور قطعا ناقابل قبول ہے۔ عالمی تنظیم برائے فضلاء ازہر انڈیا کے رکن مولانا عطاء الرحمن ندوی نے مسجد کے انہدام پر اور اسی مقام پر دوبارہ مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں حکومت کی سردمہری پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی شہادت مسلمانوں کے ساتھ سخت ظلم، قانون و آئین کی پامالی اور جمہوریت کا قتل ہے۔

مولانا عطاء الرحمن ندوی نے کہا کہ مسلمان اس واقعہ سے سخت صدمہ میں ہیں، اس سے پہلے کہ مسلمانوں کی طرف سے کوئی عوامی ردعمل ظاہر ہو، حکومت کو چاہیئے کہ اپنی اس غلطی کی تلافی کرے اور فوری طور پر جس جگہ پہلے مسجد تھی، اسی جگہ دوبارہ تعمیر کے لئے حکم جاری کرے اور مسلمانوں کو زمین حوالہ کر دے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق ہمارے مذہبی عقیدہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر اس سلسلہ میں جلد کوئی قابل اطمینان قدم نہیں اٹھاتی ہے تو مسلمان جلد ہی اپنا موقف پیش کریں گے، حکومت کے اس نامنصفانہ اقدام کو روکنے کے لئے جو کوششیں ہوسکتی ہیں، ریاست کے مسلمانوں کی تمام تنظیمیں اور اہم شخصیتیں مل کر پوری قوت کے ساتھ ان کو انجام دیں گی۔

مولانا عطاء الرحمن ندوی نے کہا کہ مسجد کو بچانا اور اس کی حفاظت کرنا ہر مسلمان کی مذہبی ذمہ داری ہے، اس کے لئے بلا خوف و خطر اپنی آواز بلند کریں اور احتجاج درج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے تمام سیاسی قائدین علماء و ائمہ مساجد تمام ملی تنظیموں کے قائدین سرجوڑ کر بیٹھیں اور مضبوط لائحہ عمل طے کریں اور احتجاج درج کراتے ہوئے دوبارہ مسجد کی تعمیر کیلئے حکومت سے مطالبہ کریں اس لئے کہ جب تک بڑے پیمانے پر ارباب حل و عقد اس سلسلے میں اپنے دوٹوک موقف کو واضح نہی کریں گے اس وقت تک ایسے مسائل پیش آتے رہیں گے۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ تسبیح کے دانوں کی طرح اپنے تمام تر اختلافات کو بھلا کر متحد ہوجائیں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں، اللہ سے تعلق مضبوط کریں تمام مساجد کو چوبیس گھنٹے اعمال دعوت و اعمال عبادت اور اعمال علم سے آباد کریں۔
خبر کا کوڈ : 933538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش