0
Saturday 22 May 2021 17:56

اسلامی دنیا غزہ کی تعمیر نو کیلیے آگے آئے، خرم نواز گنڈا پور

اسلامی دنیا غزہ کی تعمیر نو کیلیے آگے آئے، خرم نواز گنڈا پور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا غزہ کی تعمیر نو کیلیے آگے آئے، فلسطین کے عوام کی مدد کیلئے فوجیں نہیں بھیج سکتے تو کم از کم مالی امداد تو بھیج سکتے ہیں، غزہ کی تعمیر نو اس وقت بڑا چیلنج ہے، لہٰذا ہر مسلمان شہری فلسطین کے عوام کی مدد کرے اور حکومت مدد کا فول پروف لائحہ عمل دے انفرادی طور پر فنڈ ریزنگ کی ممانعت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہت بہتر ہوگا فنڈ ریزنگ مہم او آئی سی کے پلیٹ فارم سے شروع کی جائے اور وہی اس کی نگرانی کرے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ او آئی سی اقوام متحدہ سے امدادی کارروائیوں اور امداد بھیجنے کیلئے تحفظ اور محفوظ راستہ دینے کا مطالبہ اور گارنٹی مانگے۔ اسرائیل مدد کرنیوالوں کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام کو دنیا سے کاٹا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ غزہ کی تعمیر نو فلسطین کے عوام مدد کی مہم چلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے فلسطین کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کر کے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے عوام فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ کو محسوس کرتے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے پاکستان عوامی تحریک کی ملک بھر کی تنظیمات و کارکنان کی طرف سے فلسطینی مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانیوالی ریلیوں میں شرکت پر کارکنان کے جذبات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطین میں بے گناہوں کا خون بہنے سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور فلسطین کے پرامن عوام کو ان کا حق دلانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام اب تنہا نہیں ہیں، اسرائیل کے حالیہ حملوں پر دنیا کے ہر ملک کے عوام کی طرف سے شدید ردعمل آیا ہے، جو فلسطین کے عوام کی ایک بڑی اخلاقی فتح ہے۔
خبر کا کوڈ : 933951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش