0
Friday 28 May 2021 00:11

عام آدمی کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا، تبدیلی ہوا میں اُڑ گئی، میاں نور احمد سہو

عام آدمی کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا، تبدیلی ہوا میں اُڑ گئی، میاں نور احمد سہو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صوبائی صدر میاں نور احمد سہو نے کہا کہ موجودہ حکومت سے عام آدمی کو بہت ساری توقعات وابستہ تھیں مگر بدقسمتی سے عام آدمی کی پریشانیوں میں بے حد اضافہ ہوا ہے، تبدیلی ہوا میں اڑ چکی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بہت پہلے بتا دیا تھا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام ہی اس قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے تبدیلی کی خواہش کرنے والوں نے ملک کو ڈاکوں کے حوالے کر دیا۔ آج وزیراعظم بھی کہنے پر مجبور ہے کہ نظام ہمیں کام نہیں کرنے دے رہا۔ قوم سوال کرتی ہے کہ اگر نظام آپ کو ملکی سربراہ کے طاقتور منصب پر بھی کام نہیں کرنے دے رہا تو اس نظام کو تبدیل کیوں نہیں کرتے۔ اجلاس میں سینیئر صوبائی نائب صدر افتخار قریشی ایڈووکیٹ، ممبر سنٹرل کور کمیٹی راو محمد عارف رضوی و دیگر صوبائی رہنماء چوہدری قمر عباس دھول، چوہدری محمد سرور، چوہدری علی رضا نت، چوہدری اقبال یوسف کے علاوہ ڈویژنل رہنماء میجر اقبال چغتائی، شیخ حبیب الرحمن ایڈووکیٹ و دیگر نے شرکت کی۔

میاں نور احمد سہو نے کہا کہ ظالمانہ، کرپٹ اور فرسودہ نظام سے مستفید ہونیوالے کبھی بھی نظام نہیں بدلیں گے، نظام کو بدلنے کیلئے ہمہ گیر انقلاب کی ضرورت ہے، جو پاکستان عوامی تحریک ہی لاسکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اس قوم کو مفاد پرست اشرافیہ سے نجات دلانے کیلئے میدان عمل میں موجود ہے، یہی مفاد پرست طاقتور اشرافیہ جنوبی پنجاب صوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے جنوبی پنجاب صوبہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری میں کمی لائے بغیر عوام کے مسائل کم نہیں ہوسکتے۔ عوامی جدوجہد کے نتیجے میں آنے والے دور انقلاب کا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 934893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش