0
Friday 11 Jun 2021 21:49

ملک کے سرکاری ملازمین کیساتھ گزشتہ تین سال سے نا انصافی ہو رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

ملک کے سرکاری ملازمین کیساتھ گزشتہ تین سال سے نا انصافی ہو رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے پیش کردہ بجٹ کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف بھی قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین سے اظہار یکجہتی کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میڈیا کو عام آدمی غریب آدمی کی آواز بننا چاہیئے۔ انہوں ںے کہا کہ ملک کے سرکاری ملازمین کے ساتھ گزشتہ تین سال سے نا انصافی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ معیشت ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اگر معیشت ترقی کر رہی ہے تو سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کیوں نہیں کر رہے ہیں؟ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ تنخواہ نہ بڑھانا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پچھلے سال بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے وفاقی حکومت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاق نے صوبے کے پیسوں پر بھی قبضہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کم از کم سرکاری ملازمین کی تنخواہ 25 ہزار روپے کی جائے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ وہ کم از کم تنخواہ 25 ہزار روپے کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت میں تنخواہ میں 120 اور پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی تنخواہیں بھی 175 فیصد بڑھائی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران مہنگائی کو تسلیم کر رہے ہیں تو تنخواہوں میں بھی اسی نسبت سے اضافہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ بجٹ روکنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی گلی گلی جاؤں گا۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ یہ جھوٹے، یوٹرن لینے والے اور مکر جانے والے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم آپ کی آئی ایم ایف سے جان چھڑائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی سرکاری ملازمین کے ساتھ ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 937548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش