0
Monday 14 Jun 2021 17:12

سپریم کورٹ، کراچی میں گجر و کورنگی نالہ آپریشن روکنے کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ، کراچی میں گجر و کورنگی نالہ آپریشن روکنے کی درخواست مسترد
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے گجر اور اورنگی نالہ کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے نالوں کی چوڑائی پر کام شروع کرنے کا حکم دیا اور متاثرین کی معاوضے کی ادائیگی اور آپریشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے کراچی رجسٹری میں شہر قائد میں غیر قانونی تجاوزات، کراچی سرکلر ریلوے سمیت اہم کیسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت کے باہر اورنگی نالہ اور گجر نالہ تجاوزات آپریشن کے متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے گھر کے بدلے گھر دینے کا مطالبہ کیا۔ سپریم کورٹ نے نالوں کی چوڑائی پر کام شروع کرنے کا حکم دیا اور متاثرین کی معاوضے کی ادائیگی اور آپریشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی، جبکہ نالوں پر تمام حکم امتناعی بھی کالعدم قرار دے دیے۔ متاثرین کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ گھروں کی لیز کے ڈی اے، محکمہ کچی آبادی اور کے ایم سی نے دیں، سپریم کورٹ نے نالوں کے اطراف سڑک بنانے کا کوئی حکم نہیں دیا، اس حوالے سے سپریم کورٹ فیصلے کی غلط تشریح کی جا رہی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ نالے کی اراضی سڑک بننے کے بعد بھی بچے گی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سڑک بنا رہے ہیں تو اس کی منظوری تو قانون کے مطابق ہوگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لیز چیک ہوئیں تو سب فراڈ نکلے گا، سب جعلی دستاویزات ہیں، یہ سب چائنا کٹنگ کا معاملہ ہے، زمین سرکاری ہے تو متاثرین کو ریلیف کیسے دیا جا سکتا ہے؟ یہ لیز کیسے دی گئیں، کیا معلوم نہیں؟ یہ زمین متاثرین کی نہیں نالے کی اراضی ہے۔ فیصل صدیقی نے کہا کہ امیروں کے گھروں کی بھی تو لیز چیک کی جائیں، سارا ملبہ غریبوں پر ہی کیوں ڈالا جاتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ لیز متعلقہ محکمے میں لے جائیں اور اصلی ثابت کریں۔
خبر کا کوڈ : 938024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش