0
Thursday 24 Jun 2021 06:27

امریکی اڈوں سے انکار، عمران خان نے عوامی جذبات کی عمدہ ترجمانی کی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

امریکی ٹی وی کو دیا گیا انٹرویو مجموعی طور پر مدلل، جامع اور قائدانہ صلاحیتوں کا بہترین عکاس ہے
امریکی اڈوں سے انکار، عمران خان نے عوامی جذبات کی عمدہ ترجمانی کی ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان کے امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکہ کو اڈوں کی فراہمی، مسئلہ کشمیر اور افغانستان پر وزیراعظم نے جرات مندانہ اور ٹھوس موقف اختیار کرکے عوام کے جذبات کی عمدہ ترجمانی کی ہے، مسئلہ کشمیر پر مغرب کا منافقانہ رویہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ایک طرف مغربی ممالک جانوروں کے ساتھ کسی ظالمانہ سلوک پر زمین و آسمان کو سر پر اٹھا لیتے ہیں جبکہ دوسری طرف نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کو ان کا ذاتی معاملہ قرار دے کر بےشرمی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عالم اسلام سے مغرب کا یہ متعصبانہ طرز عمل نہ صرف مسلمانوں کے لئے اضطراب کا باعث ہے بلکہ تہذیبی تصادم کی راہ بھی ہموار کر رہا ہے، وزیراعظم کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر حل ہو جاتا ہے تو پاکستان اور بھارت مہذب ہمسایوں کی طرح رہ سکتے ہیں اور پھر مہلک ترین ہتھیاروں کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود ایک ارب سے زائد انسانی جانوں کے محفوظ مستقبل کے لئے دونوں ممالک کو وزیراعظم عمران خان کے اس ویژن کو سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا واضح بیان کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد سرحد پار انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے لئے امریکہ کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، ارض پاک کی داخلی خود مختاری پر اہم پیش رفت ہے، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، وزیراعظم کے اس اعلان پر مخالفین بھی تحسین کا اظہار کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حکومت کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم نے جس لائحہ عمل کا اظہار کیا، وہ انتہائی دانشمندانہ ہے، امریکی ٹی وی کو وزیراعظم کا دیا گیا انٹرویو مجموعی طور پر مدلل، جامع اور قائدانہ صلاحیتوں کا بہترین عکاس ہے۔
خبر کا کوڈ : 939751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش