0
Friday 2 Jul 2021 18:59

حکمران عالمی معاشی دہشتگردی کے آلہ کار بن چکے ہیں، جماعت اسلامی

حکمران عالمی معاشی دہشتگردی کے آلہ کار بن چکے ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں نے مسلسل سودی نظام کو جاری کرکے ملک پر معاشی بربادی اور تباہی مسلط کی ہے، یہ سودی نظام انسانیت کا دشمن نظام ہے، جس سے کمزور کی کمر توڑ دی جاتی ہے، سودی نظام معاشی دہشتگردوں کا اہم ٹول ہے، معاشی دہشتگردوں نے انسانیت کو اپنے ظلم اور جبر کے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے اور پاکستان کے حکمران بھی اس عالمی معاشی دہشتگردی کے آلہ کار بن چکے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں قاضی احمد روڈ پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ سودی نظام کے خراب نتائج کی وجہ سے آج پاکستان کے عوام دو وقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہیں، انڈسٹری اور زراعت پر مٹھی بھر لوگوں کا قبضہ ہے، مزدور اور کسان کا خون نچوڑا جا رہا ہے، اس نظام میں غریب اور کمزور انسان کبھی بھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔

ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ تعلیم اور ترقی کے دروازے کمزور عوام کیلئے بند ہیں، اس لئے جماعت اسلامی نے پورے پاکستان میں سود کے نظام اور اس کے اثرات بد، مہنگائی، بیروزگاری اور آئی ایم ایف سمیت عالمی سودی دہشتگردوں سے نجات کیلئے تحریک شروع کر رکھی ہے، پورے ملک کی طرح سندھ کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں بھی اتوار 4 جولائی کو بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ہماری تحریک تب تک جاری رہے گی، جب تک یہ ظلم کا نظام معیشت جو غیر اسلامی، غیر شرعی اور غیر دستوری ہے، ختم نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت پاکستانی شہری کے ہمارا یہ حق ہے کہ اسلامی نظام معیشت پاکستان میں نافذ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 941190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش