0
Thursday 8 Jul 2021 02:02

محرم الحرام سے قبل فرقہ وارانہ تشدد کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، حافظ طاہر اشرفی

محرم الحرام سے قبل فرقہ وارانہ تشدد کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، حافظ طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام مسالک و مذاہب کے ماننے والے مل کر پاکستان میں امن و استحکام لائیں گے، پاکستان دشمن عناصر کی سازشوں کو باہمی اتحاد سے ناکام بنائیں گے، 7 ماہ میں ملک میں نہ کوئی مذہبی فساد ہوا، نہ ہی مذہب کے نام پر کسی اقلیت کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ریاست اور مسلمان ہیں، پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد متفقہ دستاویز ہے۔ انٹرفیتھ ہارمنی کونسلز اور امن کمیٹیوں میں توسیع کریں گے، محرم الحرام سے قبل ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کی سازشیں ہوں گی، جن کو ناکام بنانا ہے، یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے انٹر فیتھ ہارمنی کونسل اور پشاور ڈائسز کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر مولانا قاسم قاسمی، مولانا طاہر عقیل اعوان، نیئر مشتاق، مولانا نعمان حاشر، مولانا ابو بکر صابری، مولانا شہباز احمد، مولانا نائب خان، مولانا ذوالفقار اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب امن کا درس دیتے ہیں، آج اسلامک فوبیا پھیلانے والے عناصر کو روکنا ہوگا، اسلام امن، سلامتی، رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کے اندر بطور بڑے بھائی کے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ یہ احساس پیدا کریں کہ ہماری کسی اقلیت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ہمارے دروازے کھلے رہنے چاہئیں، انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کا ایجنڈہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کو پہچانیں اور ایک دوسرے کے قریب آئیں۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ پچھلے سات ماہ میں پورے ملک میں ایک کیس بھی توہین مذہب و توہین ناموس رسالتﷺ کے قانون کے تحت غلط درج نہیں ہوا، اس قانون کے مکمل طور پر غلط استعمال سے روکا گیا ہے اور یہی ایک شکوہ اقلیتوں کا ہم سے تھا کہ توہین مذہب اور توہین ناموس رسالت کے قانون کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ الحمدللہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سوچ، وژن اور فکر کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں کہ ہم نے کسی گروہ، کسی جتھے، کسی فرد کو مذہب کی بنیاد پر، طاقت کی بنیاد پر، سیاست کی بنیاد پر دوسرے کے حقوق کو غصب نہیں کرنے دیں گے، آئین پاکستان جتنا حق مسلمان کو دیتا ہے، اتنا ہی حق اقلیتوں کو دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق کی تیاری پیغام پاکستان کی روشنی میں شروع کر دی گئی ہے، پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد متفقہ دستاویز ہے، اس سلسلہ میں آج اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 942183
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش